پی ٹی آئی حکومت کو منظم منصوبہ بندی کے تحت بدنام کیا جارہا ہے وزیراطلاعات پنجاب

میاں چنوں میں بچی کی ہلاکت وزیراعلیٰ پنجاب کے دورے سے ایک دن پہلے ہوئی، فیاض الحسن چوہان

سوشل میڈیا پر قائداعظم کی تصاویر والے نوٹ ختم کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈہ بھی کیا جارہا ہے،فیاض الحسن چوہان۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیرا طلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ کرپٹ اوربد دیانت ٹولے کو پی ٹی آئی کی حکومت ہضم نہیں ہورہی اس لئے منظم منصوبہ بندی کے تحت حکومت کو بدنام کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 70 سال سے وطن کو لوٹنے والے کرپٹ اوربد دیانت ٹولے کو وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کی حکومت ہضم نہیں ہورہی ہے اس لئے ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پی ٹی آئی کی حکومت کو بدنام کرنے کیلئے مہم شروع کی گئی ہے۔


فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ معمولی معاملات میں جھوٹ کی آمیزش کرکے میڈیا میں اچھالا جارہا ہے جب کہ میاں چنوں میں بچی کی ہلاکت وزیراعلیٰ پنجاب کے دورے سے ایک دن پہلے ہوئی جس کے بعد اس جھوٹ کی قلعی کھل گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر قائداعظم کی تصاویر والے نوٹ ختم کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈہ بھی کیا جارہا ہے اور یہ سب کچھ منظم منصوبہ بندی کے تحت کیا جارہا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈی پی او پاکپتن کے معاملے سے وزیراعلیٰ پنجاب کا کوئی تعلق نہیں ہے کیوں کہ یہ پولیس کے اندرونی ڈسپلن کا معاملہ ہے جب کہ اس سے قبل رضوان گوندل کو چوہدری نثار نے 27 جون 2016 میں بھی سرینا ہوٹل کے عملے اور عام شہریوں سے بدتمیزی پر معطل کیا تھا۔
Load Next Story