مسلم لیگ ن کی پیرپگارا کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت

چند دن قبل گورنرڈاکٹرعشرت العباد سے رابطہ ہوا تھا اورہم نے ایک دوسرے کو انتخابات میں کامیابی پرمبارکباد دی،شہباز شریف

لیکشن سے قبل بھی خواہش تھی کہ مسلم لیگ ایک ہوجائے اوراب بھی وہ چاہتے ہیں کہ تمام مسلم لیگیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے، پیرپگارا فوٹو: ایکسپریس نیوز

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پیرپگارا کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ہے اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت سب کو ساتھ لے کرچلے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راجہ ہاؤس کراچی میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے چوہدری نثارعلی خان اورسینیٹر پرویزرشید کے ہمراہ پیرپگارا سے ملاقات کی ،ملاقات میں سندھ میں اپوزیشن کے کردار، وفاق میں حکومت سازی اور دوسرے امور پر بات کی گئی، اس موقع پر شبہازشریف نے مسلم لیگ فنکشنل کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔


ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ حکومت بنانے کے بعد کراچی میں میٹروبس منصوبے کا آغاز کریں گے،سندھ میں نگراں سیٹ اپ کا سب سے زیادہ فائدہ پیپلزپارٹی کو تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن امان کی صورتحال بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے اورصوبے سے ڈاکوراج کا خاتمہ کیا جائے گا، مسلم لیگ(ن) کی حکومت لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کا احتساب کرے گی۔

شہبازشریف نے کہا کہ چند دن قبل سندھ کے گورنرڈاکٹرعشرت العباد خان سے رابطہ ہوا تھا اورہم نے ایک دوسرے کو انتخابات میں کامیابی پرمبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بجلی جاتی نہیں اورلاہورمیں آتی نہیں، ہماری حکومت بجلی کے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گی تاکہ عوام کو فوری ریلیف دیا جاسکے، انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مسلم لیگ کے تمام دھڑے بہت جلد ایک ہو جائیں گے۔

اس موقع پر پیرپگارا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہبازشریف کی کراچی آمد پران کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ(ن) کو ایک بارپھرحکومت کرنے کا موقع دیا ہے،پہلے بھی مسلم لیگ(ن) کے ساتھ تھے اوراب بھی ہیں۔ انہوں نے کہا ان کی الیکشن سے قبل بھی خواہش تھی کہ مسلم لیگ ایک ہوجائے اوراب بھی وہ چاہتے ہیں کہ تمام مسلم لیگیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے۔
Load Next Story