آر ٹی ایس کی ناکامی شفاف تحقیقات کیلیے چیئرمین نادرا کو ہٹایا جائے اعظم سواتی

نادرا کسی بھی فورم پر وضاحت دینے اور فرانزک آڈٹ کے لیے تیار ہے، ترجمان نادرا

نادرا کسی بھی فورم پر وضاحت دینے او رفرانزک آڈٹ کیلئے تیار ہے، ترجمان نادرا ۔ فوٹو : پی آئی ڈی

KARACHI:
تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ آر ٹی ایس میں ناکامی کی تحقیقات کے لیے چیئرمین نادرا کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

سینیٹر اعظم سواتی نے اسلام آباد میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 12 بجے کے قریب جب الیکشن کمیشن کو معلوم نہیں تھا کہ نتائج آرہے ہیں تو شہباز شریف کو اس بات کا کیسے پتا چلا؟ جب کہ آر ٹی ایس سے متعلق الیکشن کمیشن اور نادرا کے بیانات مختلف ہیں۔

اعظم سواتی نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن یا اس کےعملے کو بچانے کے لیے نہیں آئے، نہ ہی ہم نادرا کو ٹارگٹ کرنے آئے ہیں، آر ٹی ایس کو روکا گیا ہے جس کی تحقیقات کرائی جائیں اور تحقیقات کے لیے چیئرمین نادرا کو ہٹا دیا جائے، چیئرمین نادرا اور دیگر افسران کو پہلے ہی فرانزک آڈٹ کے لیے عہدے سے الگ ہوجانا چاہیے تھا۔


سینیٹر اعظم سواتی نے مزید کہا کہ الیکشن کمشنر کی تعیناتی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے کی، الیکشن کمیشن نے ہمارے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ انتخابی نتائج آر ٹی ایس کے ذریعے آرہے تھے، پتا چلا کہ آر ٹی ایس نے کام کرنا چھوڑ دیا اور اس پر بہت احتجاج بھی ہوا، عمران خان نے عہدہ سنبھالتے ہی کہا کہ اس کی تحقیقات کریں گے کیوں کہ تحریک انصاف اور عمران خان نے دھاندلی کے خلاف لڑائی لڑی ہے، ہم انتخابات میں شفافیت پر یقین رکھتے ہیں جب کہ اعظم سواتی نے آر ٹی ایس سے متعلق سب سے زیادہ کام کیا ہے۔

اس پریس کانفرنس کے بعد ترجمان نادرا نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آر ٹی ایس سے آر ایم ایس میں ڈیٹا جانا محض غلط فہمی پر مبنی ہے، آرٹی ایس کا آر ایم ایس سے کوئی تعلق نہیں تھا، نادرا کسی بھی فورم پر وضاحت دینے اور فرانزک آڈٹ کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے نادرا کے اعلیٰ حکام کل دوپہر 2 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔
Load Next Story