پاکستان نے جلال آباد میں قونصل خانہ بند کردیا

جب تک مکمل سیکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی قونصل خانہ بند رہے گا، پاکستانی سفارتخانہ

گورنر حیات اللہ حیات کی قونصل خانے کے امور میں مداخلت افسوس ناک ہے، ترجمان پاکستانی سفارتخانہ (فوٹو: فائل)

پاکستان نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنا قونصل خانہ بند کردیا اور کہا ہے کہ مکمل سیکیورٹی ملنے تک سفارت خانہ نہیں کھولا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستانی حکومت نے افغان شہر جلال آباد میں واقع اپنے قونصل خانے کی سیکورٹی پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے اسے بند کردیا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے افغان حکومت کو ایک خط لکھ کر قونصلیٹ بند کرنے سے متعلق آگاہی دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جب تک مکمل سیکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی قونصل خانہ بند رہے گا۔

پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا کہ افغانستان کے مقامی حکام پاکستان کے قونصل خانہ کے امور میں رکاوٹ بن رہے تھے، گورنر حیات اللہ حیات کی قونصل خانے کے امور میں مداخلت افسوس ناک ہے اور یہ مداخلت ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، گورنر کی بے جا مداخلت پر افغان وزارت خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔

ترجمان نے جلال آباد قونصل خانے کی سیکیورٹی بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سیکیورٹی 28 اگست کی پوزیشن پر بحال نہیں ہوگی قونصل خانہ بند رہے گا اس ضمن میں افغان وزارت خارجہ کو آگاہ کردیا ہے۔
Load Next Story