اسلام فوبیا کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے وزیر اعظم کی ایرانی وزیر خارجہ سے گفتگو

حضرت محمدﷺ سے محبت و عقیدت ہر مسلمان کے خون میں رچی ہے، عمران خان

پاکستان اور ایران عوام کی سطح پر رابطوں کو بڑھا کر خطے میں ترقی اور خوشحالی لاسکتے ہیں، عمران خان (فوٹو: نیوز ایجنسی)

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسلام مخالف سرگرمیاں روکنے کے لیے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی اور ایرانی قیادت و عوام کی جانب سے انہیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔

وزیراعظم نے جواد ظریف سے بات چیت میں توہین آمیز خاکوں کے مقابلے پر حکومتی مؤقف اور ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ ختم کرانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ممالک کو یک زبان ہو کر اسلام فوبیا کا شکار ہونے والوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔


عمران خان نے کہا کہ اسلام مخالف سرگرمیاں روکنے کے لیے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا کیوں کہ حضرت محمدﷺ سے محبت و عقیدت ہر مسلمان کے خون میں رچی بسی ہے، پاکستان اور ایران مذہبی، ثقافتی اور تاریخی حوالوں سے جڑے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے خطے میں مکمل امن و استحکام کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران عوام کی سطح پر رابطوں کو بڑھا کر خطے میں ترقی اور خوشحالی لاسکتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مضبوط ہوں گے۔



قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی اور انہیں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Load Next Story