رنز بنانے کی’’ترکیب‘‘ بھولنے کے سبب ’’ کک‘‘ ریٹائر

انٹرنیشنل کرکٹ میں اوول ٹیسٹ کے دوران آخری بارایکشن میں ہوں گے،1 برس تک ایسیکس کیلیے کھیلنے کا اعلان

جتنا سوچا تھااس سے بہت زیادہ حاصل کرلیا،اگلی منزل کوچنگ کیریئرہے، فیملی کو بھی وقت دوں گا،اوپنر فوٹو:فائل

رنز بنانے کی ''ترکیب'' بھولنے کے سبب ''کک'' ریٹائر ہو گئے، تجربہ کار اوپنر انٹرنیشنل کرکٹ میں بھارت کیخلاف اوول ٹیسٹ کے دوران آخری بار ایکشن میں دکھائی دیں گے، البتہ وہ کم سے کم ایک برس تک ایسیکس کی جانب سے کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، ان کی اگلی منزل کوچنگ کیریئر ہے، فیملی کو بھی زیادہ وقت دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے تجربہ کار بیٹسمین اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چھٹے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے کھلاڑی الیسٹر کک نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا،بھارت کے خلاف پانچواں اوول ٹیسٹ ان کا آخری میچ ہوگا،اگرچہ وہ ابھی صرف 33 برس کے ہیں مگر مسلسل خراب فارم نے انھیں یہ فیصلہ کرنے پر مجبور کردیا، رواں برس کک9 ٹیسٹ میں صرف 18.62 رنز ہی بنا پائے۔


جس کی وجہ سے انھوں نے اپنی آن دی فیلڈ مشکلات کا خاتمہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، یہ فیصلہ کسی بھی صورت میں حیران کن نہیں کیونکہ کک کا کھیل کافی عرصے سے گراوٹ کا شکار تھا، بھارت سے چوتھے ٹیسٹ کے دوران ان کی کیریئر اوسط بھی گر کر 45 ہوگئی جو2010 کے بعد سب سے کم ہے۔ الیسٹرکک نے اب تک اپنے 160 ٹیسٹ میچز میں 44.88 کی اوسط سے 12254 رنز بنائے ہیں، ان کی قیادت میں انگلینڈ نے 59 ٹیسٹ میچز کھیلے،24 میں فتح اور 22 میں شکست ہوئی جبکہ 13 ڈرا ہوئے۔ انھیں ڈیبیو پر بھارت میں سنچری اسکور کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

کک فوری طور پر کھیل سے ناطہ نہیں توڑ رہے بلکہ کم سے کم ایک برس تک تو ان کا ایسیکس کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا ارادہ ہے، وہ مستقبل میں کوچنگ کیریئر بھی اختیار کرنے کی سوچ رکھتے ہیں، ان کے لیے ابھی اپنی فیملی کی دیکھ بھال اہم ہے، اوول ٹیسٹ کے دوران ان کے گھر پر تیسرے بچے کی ولادت بھی متوقع ہے۔

اس لیے کھیل سے باہر ان کی دلچسپی کیلیے بہت کچھ موجود ہے۔ الیسٹر کک نے کہاکہ گزشتہ چند ماہ کی سوچ بچار کے بعد میں بھارت سے جاری ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر پہنچا ہوں، اگرچہ میرے لیے یہ ایک اداس دن ہے مگر چہرے پر بڑی مسکراہٹ اس لیے ہے کہ میں نے اس کھیل کو سب کچھ دے دیا اور کچھ بھی بچا کر نہیں رکھا، میں نے جتنا سوچا تھا اس سے بہت زیادہ حاصل کیا، میں اپنی فیملی، ساتھی کھلاڑیوں اورخاص طور پر مکمل سپورٹ پر بارمی آرمی کا شکرگزار ہوں۔
Load Next Story