لال مسجد آپریشناسلام آباد ہائی کورٹ میں پرویز مشرف پر قتل کے مقدمے کی درخواست دائر

غازی عبدالرشید کے صاحبزادے ہارون رشید نے طارق اسد ایڈووکیٹ کی وساطت سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے

غازی عبدالرشید کے صاحبزادے ہارون رشید نے طارق اسد ایڈووکیٹ کی وساطت سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے فوٹو فائل

ہائی کورٹ میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف لال مسجد آپریشن کیس میں نائب خطیب عبدالرشید اور ان کی والدہ کے قتل کا مقدمہ درج کرانے کے لئے درخواست دائر کردی گئی ہے۔


لال مسجد کے خطیب غازی عبدالرشید کے صاحبزادے ہارون رشید نے طارق اسد ایڈووکیٹ کی وساطت سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2007 میں اسلام آباد کی لال مسجد میں ہونے والے آپریشن میں اس وقت کے صدر مملکت اور آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف ملوث تھے لیکن میڈیا میں اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ پرویز مشرف کو بیرون ملک بھجوا دیا جائے گا ، اس لئے عدالت عالیہ سے درخواست ہے کہ لال مسجد آپریشن کیس کی سماعت جلد سے جلد کی جائے اور اس آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے نائب خطیب عبد الرشید اور ان کی ضعیف والدہ کے قتل کا مقدمہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف درج کیا جائے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر لال مسجد آپریشن پر ایک جوڈیشل کمیشن بھی قائم کیا گیا تھا جس نے مختلف اہم شخصیات کے بیانات اور دیگر شواہد کی روشنی میں اپنی رپورٹ سپریم کورٹ کو پیش کردی ہے۔
Load Next Story