ایشیا کپ کیلیے دوسرے کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا انضمام الحق

محمد حفیظ کی جگہ شان مسعود کو تیسرے اوپنر کے طور پر آزمانے کا فیصلہ کیا، چیف سلیکٹر

محمد حفیظ کی جگہ شان مسعود کو تیسرے اوپنر کے طور پر آزمانے کا فیصلہ کیا، چیف سلیکٹر

لاہور:
چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کیلیے دوسرے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتے ہیں۔


لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایشیا کپ کیلیے اسکواڈ کا اعلان کیا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم ایشیا کپ کے لیے دوسرے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتے ہیں لہذا محمد حفیظ کی جگہ شان مسعود کو تیسرے اوپنر کے طور پر آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم ورلڈ کپ سے قبل مزید تجربات ہو سکتے ہیں جب کہ حفیظ کا کیریئر ابھی ختم نہیں ہوا۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ فاسٹ بولرز پر زیادہ بوجھ نہ پڑے، یو اے ای میں گرم موسم کی وجہ سے 6 فاسٹ بولرز کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرسکنے کی وجہ سے اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا پائے۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کی نمبر 4 پر بیٹنگ بہتر ہوئی، امید ہے اس میں مزید بہتری آئے گی، یاسر شاہ کی انجری کے بعد واپسی ہوئی ہے، انہیں ردھم میں آنے کیلیے وقت درکار ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کامران اکمل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں مگر ٹیم میں ان کیلیے جگہ نہیں بنتی۔
Load Next Story