شاہراہ پاکستان کے فلائی اوورز کا تعمیراتی کام تیزکرنیکی ہدایت

شہریوں کو تکلیف سے بچانے کے لیے متبادل راستوں کو مزید ہموار کیا جائے۔

واٹر پمپ اور عائشہ منزل فلائی اوور کو اکتوبر تک مکمل کیاجائے،ہاشم رضا زیدی فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ شاہراہ پاکستان پر بننے والے فلائی اوورز کے لیے حکومت سندھ نے اب تک جو فنڈز جاری کیے ہیں۔

وہ کنٹریکٹرز کو دے چکے ہیں، بقیہ رقم کے حصول کے لیے کوشش کی جارہی ہیں تاکہ اسی مالی سال میں مزید فنڈز بھی فراہم کردیے جائیں، یہ بات انھوں نے شاہراہ پاکستان پر تعمیر ہونے والے فلائی اوورزکے دورے کے موقع پر کہی، پروجیکٹ ڈائریکٹرز ، چیف انجینئرز اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر واٹرپمپ، عائشہ منزل، ڈاکخانے اور تین ہٹی پر بننے والے فلائی اوورز پر کام کی رفتار تیز کی جائے، متبادل راستوں کو مزید ہموار کیا جائے تاکہ رمضان میں شہریوں کو کم سے کم تکلیف کا سامنا کرنا پڑے۔




ایڈمنسٹریٹر کراچی نے محکمہ انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ واٹر پمپ اور عائشہ منزل فلائی اوور کو اکتوبر تک مکمل کرلیا جائے،سپر ہائی وے سے شہر کو ملانے والی شاہراہ پاکستان کے اہم انٹرسیکشن پر فلائی اوورکی تعمیر سے یہ شاہراہ سگنل فری ہوجائے گی، ٹریفک کی روانی میں بہتر ی آئے گی،شہریوں کو آسان سفری سہولتیں میسر آئیں گی،اس موقع پر انھوں نے متعلقہ پروجیکٹ ڈائریکٹر سے منصوبے پر کام کی رفتار کے حوالے سے معلومات حاصل کیں اور ہدایات جاری کیں،اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس بات کا پورا خیال رکھا جا رہا ہے کہ منصوبوں کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور کم سے کم ٹریفک جام کی شکایت ہو ۔
Load Next Story