طیارے کو تباہ کرنے کی دھمکی دینے والوں کی گرفتاری کی ویڈیو ’’ایکسپریس نیوز‘‘ کو مل گئی

طیارے کو اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پراتارے جانے کے بعد 2 برطانوی کمانڈوز جہاز میں داخل ہوئے اور دونوں افراد کو گرفتار کرلیا۔

گزشتہ جمعہ کو لاہورسے مانچسٹر جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں دو مسافروں نے طیارے کو بم سے تباہ کرنے کی دھمکی دی تھی فوٹو: ایکسپریس نیوز

برطانیہ میں پی آئی اے کے طیارے کو بم سے تباہ کرنے کی دھمکی دینے والے 2 افراد کی گرفتاری کی ویڈیو ''ایکسپریس نیوز'' نے حاصل کرلی ہے۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کو لندن کے اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اتارے جانے کے بعد برطانوی کمانڈر دھمکی دینے والے مسافر کو ساتھ لے کر جارہا ہے، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر گرفتار ملزم کے چہرے کو دکھایا نہیں گیا اور اس کے چہرے پر ایک کالے رنگ کا بڑا اسپاٹ ڈال دیا گیا ہے۔


طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے 30 سالہ طیب سبحانی اور 41 سالہ محمد صفدر کو گزشتہ روز چیمسفرڈ میں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جس میں عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں ریمانڈ پر 5 اگست تک پولیس کے حوالے کردیا تھا،دونوں افراد کو آئندہ پیشی کے موقع پر چیمسفرڈ کی کراؤن کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ دوسری جانب ملزمان نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوران پرواز طیارے کو بم سے اڑانے کی کوئی دھمکی نہیں دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ لاہور سے مانچسٹر جانے والے پی آئی اے کی پرواز کو برطانوی حدود میں داخل ہوتے ہی جنگی جہازوں نے گھیرے میں لیتے ہوئے مانچسٹر ایئرپورٹ کے بجائے لندن کے اسٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اتار لیا تھا اور دوران تفتیش معلوم ہوا کہ 2 افراد نے عملے سے تلخ کلامی پر طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی جس پر پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور ان دونوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
Load Next Story