ہیڈنگلے ٹیسٹ بارش بھی کیویز کو شکست سے نہ بچاسکی

انگلینڈ نے 247رنز کے واضح مارجن کی فتح سے سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کرلی

ہیڈنگلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انگلش کرکٹر ای ین بیل کیوی کھلاڑی ڈگ بریسویل کا کیچ تھام رہے ہیں، وکٹ کیپر میٹ پرائر کی نگاہیں بھی گیند پر مرکوز۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD:
ہیڈنگلے ٹیسٹ میں بارش بھی کیویز کو شکست سے نہ بچاسکی، انگلینڈ نے 247 رنز کے واضح مارجن کی فتح سے سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

دوسری اننگز میں 6 وکٹیں لینے والے میزبان اسپنر گریم سوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی چناگیا، سیریز کے بہترین پلیئرز کے لیے جوئے روٹ اور ساؤتھی کا مشترکہ انتخاب عمل میں لایاگیا۔تفصیلات کے مطابق ہیڈنگلے ٹیسٹ میں پانچویں دن وقفے وقفے سے ہونے والی بارش بھی کیویز کو گریم سوان سے نہ بچا سکی، انھوں نے کھیل میں واپسی کو دوسری باری میں6 اور میچ میں 10وکٹ کی پرفارمنس سے یادگار بنا لیا، فتح کیلیے 468 کا مشکل ترین ہدف پانے والی کیویز کی ہمت 220 پر جواب دے گئی۔

ٹیم نے گذشتہ روزکے اسکور 6 وکٹ 158 رنز سے اننگز کو شروع کیا، کپتان برینڈن میک کولم اور ساؤتھی وکٹ پر دوبارہ آئے، میک کولم(1) اسٹورٹ براڈ کی فل ٹاس گیند پر ریٹرن کیچ دے بیٹھے۔




ساؤتھی اور ڈگ بریسویل کے درمیان آٹھویں وکٹ کیلیے 56 رنز کی شراکت بنی، ساؤتھی کو 24 کے انفرادی اسکور پر ایک چانس بھی ملا، جب سوان کی گیند پر سلپ میں ٹروٹ نے کیچ ڈراپ کر دیا، ساؤتھی38 رنز بنانے کے بعد سوان کا اننگز میں پانچواں شکار بنے، ٹروٹ نے اس مرتبہ کیچ تھام کر غلطی کا ازالہ کردیا، بارش دوبارہ شروع ہونے پر لنچ سے قبل جب کھیل روکا گیا تو کیوی ٹیم 8 وکٹ پر 219 رنز بنا چکی تھی۔

مقامی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے دوبارہ کھیل شروع ہوا تو سوان نے بریسویل کو سلی پوائنٹ پر بیل کا کیچ بنوا دیا، ٹرینٹ بولٹ نے بغیر کوئی رن بنائے 24 منٹ وکٹ پر گزارے لیکن اینڈرسن نے انھیں آؤٹ کرکے ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کردی، نیل ویگنز صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔
Load Next Story