ویج ایوارڈ کیس میں اے پی این ایس نے اپیل واپس لے لی

عملدرآمد ٹربیونل فیصلے پراس کی روح کے مطابق عمل کرے،سپریم کورٹ کی ہدایت

عملدرآمد ٹربیونل فیصلے پراس کی روح کے مطابق عمل کرے،سپریم کورٹ کی ہدایت فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے ویج ایوارڈ فیصلے کیخلاف اے پی این ایس کی جانب سے دائر نظرثانی اپیل واپس لیے جانے کی بنا پرخارج کردی ہے اور عملدرآمد ٹربیونل کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیصلے پراس کی روح کے مطابق عمل کرے ۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔حفیظ پیرزادہ کے جونیئر وکیل پیش ہوئے اور بتایاحفیظ پیرزادہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے۔چیف جسٹس نے کہاکہ کیس2سال سے پڑا ہے،کیا اخباری کارکنوںکو ادائیگیاں ہو گئی ہیں ؟ فاضل وکیل نے بتایا بڑے اخبارات میں ادائیگیاں ہو رہی ہیں۔چیف جسٹس نے کہاکہ عملدرآمدکمیشن کی رپورٹ بھی آگئی ہے جس میں اس نے کہا ہے کہ عملدرآمد ہو رہا ہے ۔عدالت نے پوچھا کیا نیا ایوارڈ آگیا ہے تو وکیل نے بتایا کہ یہ کام نئی حکومت کرے گی جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ گزشتہ حکومت نے کچھ نہیں کیا۔




حفیظ پیرزادہ کے جونیئر وکیل نے بتایا کہ انھیں ہدایت ملی ہے کہ نظرثانی درخواست واپس لے لی جائے۔ عدالت نے اخباری یونین کے نمائندے محمد یوسف سے استفسارکیا کہ کیا عمل ہوگیا ہے تو انھوں نے کہا کوئی عمل نہیں ہوا، مستقل ملازمین کو توکچھ ادائیگیاں ہوئی ہیں مگر کنٹریکٹ ملازمین کوکچھ نہیں دیا گیا جبکہ واجبات توکسی کو بھی نہیں ملے۔ چیف جسٹس نے ان سے کہاکہ اس کے لیے آپ متعلقہ فورم سے رجوع کریں،انھوں نے اپیل واپس لے لی ہے، سپریم کورٹ کی حد تک مقدمہ ختم ہوگیا ہے۔
Load Next Story