پاکستان کا کابل میں دہشت گردانہ حملے پر اظہار افسوس

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم افغان حکومت اورعوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

دہشت گردی کی تمام صورتوں کی مذمت کرتے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ (فوٹو: فائل)

پاکستان نے افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ایک بیان میں اتوار کو ہونے والے کابل حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔


ترجمان نے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، ہم حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردی کی ہر قسم کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ کابل میں ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
Load Next Story