پاک امریکا بزنس کونسل جلد قائم کی جائیگی ڈوڈومین

پاکستان کی مدد جاری رہے گی، پاک امریکا تجارت کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔

پاکستان کی مدد جاری رہے گی، پاک امریکا تجارت کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور:
کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل مائیکل جے ڈوڈومین نے کہا ہے کہ امریکا میاں نواز شریف کی زیر قیادت پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کے اشتراک سے معاشی مسائل کو حل کرنے میں ہرممکن تعاون کرے گا۔

یہ بات انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کاٹی میں تاجروصنعتکاروں سے ملاقات کے دوران کہی۔ امریکن قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کی وسعت اور نجی شعبوں کے درمیان روابط کے فروغ کے لیے پاک امریکا بزنس کونسل کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا۔




مائیکل جے ڈوڈمین نے کہا کہ امریکا پہلے ہی پاکستان کے شعبہ تعلیم وصحت اورتوانائی میں اپنا کردار ادا کررہا ہے اوران شعبوں کی ترقی کے لیے ایسی پالیسیاں متعارف کرا رہا ہے جس کے دوررس اور مطلوبہ نتائج حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کی معاشی مدد جاری رکھے گا۔

انہوں نے دونوں ممالک کی تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے کہا کہ پاکستان سے امریکا کے لیے برآمدات کے حجم کوبڑھانے کے لیے امریکا نے مکمل تعاون کی پالیسی اختیار کی ہوئی کیونکہ امریکا بھی اس بات کا خواہشمند ہے کہ پاکستانی مارکیٹ میں بھی امریکی مصنوعات کی درآمدات میں اضافہ ہو۔
Load Next Story