بلوچستان کے مختلف علاقوں سے پکڑی گئی 51 ٹن سے زائد منشیات تلف

پاک افغان سرحد پر باڑ لگنے سے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام میں بڑی پیش رفت ہوگی، میجر جنرل عاصم ملک

پاک افغان سرحد پر باڑ لگنے سے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام میں بڑی پیش رفت ہوگی، میجر جنرل عاصم ملک ۔فوٹو: اے ایف پی

سیکورٹی فورسز نے رواں سال 65 کارروائیوں کے دوران قبضے میں لی گئی 51 ٹن منشیات کو تلف کردیا۔

اینٹی نارکوٹکس فورسز ایف سی بلوچستان کی جانب سے منشیات نذرآتش کرنے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں جنرل کمانڈنٹ آفیسر 41 ڈویژن میجر جنرل عاصم ملک، اے این ایف اور ایف سی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔


تقریب کے دوران سیکورٹی فورسز نے رواں سال 65 کارروائیوں میں 19 افراد کو گرفتار کرکے قبضے میں لی گئی 51 ٹن منشیات کو نذرآتش کرکے تلف کردیا جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت تقریبا 464 ملین ڈالر ہے جب کہ پکڑی جانے والی منشیات میں 818 کلو گرام ہیروئن، 10 کلو گرام بھنگ،14 ٹن چرس سمیت دیگر منشیات شامل ہیں۔

جنرل کمانڈنٹ آفیسر 41 ڈویژن میجر جنرل عاصم ملک کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگنے سے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام میں بڑی پیش رفت ہوگی کیوں کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک سے چاغی کے راستے عالمی منڈی میں منشیات کی اسمگلنگ سرحد پر باڑ لگنے سے رک جائے گی۔
Load Next Story