خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا

پرویز خٹک نے 84 اوران کے مقابلے میں مسلم لیگ(ن) اورجے یوآئی(ف) کے مشترکہ امیدوارمولانا لطف الرحمان نے 37ووٹ حاصل کئے

خیبرپختونخوا کے گورنر انجینئر شوکت اللہ نے پرویز خٹک سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیا۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی جس میں خیبرپختونخوا کے گورنر انجینئر شوکت اللہ نے پرویز خٹک سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیا، سراج الحق اور سکندر شیرپاؤ نے بھی سینیئر وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ تقریب میں سیاسی ومذہبی جماعتوں کے نمائندوں اور فوج کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔


اس سے قبل خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس نومنتخب اسپیکر اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت ہوا، تلاوت کلام پاک کے بعد وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کا عمل ہوا اور ایوان نے تحریک انصاف کے پرویز خٹک کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی حیثیت سے منتخب کرلیا، پرویز خٹک خیبر پختونخوا کے 26ویں وزیر اعلی ہیں۔

پرویزخٹک نے 84 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مقابلے میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار مولانا لطف الرحمان نے 37 ووٹ حاصل کئے، پولنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل مسلم لیگ (ن) نے اپنے امیدوار وجیہہ الزمان کو مولانا لطف الرحمان کے حق میں دستبردار کردیا تھا۔
Load Next Story