برقع پہن کر لوٹ مار کرنے والا ملزم ساتھی سمیت پکڑا گیا

سرسید ٹاؤن پولیس نے ملزمان سے اسلحہ، موٹر سائیکل اور چھینا ہوا سامان برآمد کرلیا 

برقع پوش ملزم انیس اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے ،پولیس۔ فوٹو: ایکسپریس

سرسید ٹائون پولیس نے برقع پہن کر لوٹ مار کرنے والے ملزم کو ساتھی سمیت گرفتار کر کے اسلحہ ، موٹر سائیکل اور چھینا ہوا سامان برآمد کرلیا۔

ایس ایچ او سرسید ٹائون شمشاد حسین نے نارتھ کراچی انڈہ موڑ کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل پر سوار مشتبہ برقع پوش خاتون اور مرد کو دیکھ کر رکنے کا اشارہ دیا جس پر ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے تعاقب کے بعد برقع پوش سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔


اس حوالے سے شمشاد حسین نے بتایا کہ گرفتار ملزمان انیس اور بابر حسین کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول ، 4 موبائل فون، موٹر سائیکل اور چھینا ہوا سامان برآمد ہوا ہے ، انھوں نے بتایا کہ پولیس سے بچنے کے لیے گرفتار ملزم انیس برقعہ پہن کر اپنے ساتھی بابر کے ساتھ موٹر سائیکل پر سفر کرتا تھا اور موقع پاتے ہی وہ شہریوں سے لوٹ مار کی وارداتیں کرتے تھے جبکہ ملزم انیس برقع پہن کر رات کو سڑک کنارے کھڑے ہو کر لفٹ بھی مانگتا تھا اور لفٹ دینے والے شخص کو کچھ دور جا کر اسلحے کے زور پر لوٹ لیتا تھا جبکہ اس کا ساتھی بھی پیچھے موٹر سائیکل پر موجود ہوتا تھا جسے وہ واردات کے بعد اپنے ساتھ بیٹھا کر فرار ہوجاتا تھا۔

شمشاد حسین نے مزید بتایا کہ برقع پوش ملزم انیس نارتھ کراچی سیکٹر سیون ڈی جبکہ بابر حسین نصرت بھٹو کالونی کا رہائشی ہے اور انھوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران شہریوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں کو لوٹنے کا اعتراف کیا ہے ، گرفتار برقع پوش ملزم اس سے قبل بھی اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے اور اس کا سی آر او سے کرمنل ریکارڈ پولیس نے حاصل کرلیا ہے۔

 
Load Next Story