قومی اسمبلی کا اجلاس ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیر کی قرارداد منظور

اپوزیشن جماعتوں نے متنازع ڈیمز کی تعمیر کے خلاف احتجاج کیا

وہ ڈیم نہ بنائے جائیں جن کوتین صوبے مسترد کر چکے ہیں، یوسف تالپور: فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ملک میں نئے ڈیموں کی تعمیرکیلئے قرارداد منظورکرلی گئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے علی محمد خان نے نئے ڈیموں کی تعمیر کیلئے قراداد پیش کی، جس پر اپوزیشن جماعتوں نے متنازع ڈیمز کی تعمیرکے خلاف احتجاج کیا۔ پیپلزپارٹی کے یوسف تالپورنے کہا کہ وہ ڈیم نہ بنائے جائیں جن کو تین صوبے مسترد کرچکے ہیں تاہم بھاشا ڈیم پرہمیں کوئی اعتراض نہیں۔


مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ واٹر پالیسی میں بھاشا اور گومل ڈیم پر مکمل اتفاق ہوا تھا، صوبوں کے درمیان متفقہ واٹر پالیسی پر دستخط ہوئے تھے، ہمیں پانی کی بچت کیلئے بھی اقدامات اٹھانے پڑیں گے، پانی جمع کرنے سے زیادہ اہم پانی بچانا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خواجہ آصف نے جس دستاویز کا ذکر کیا اس سے ہمیں اتفاق ہے، اگرخیبرپختونخوا اور سندھ کو کالا باغ ڈیم پراعتراض ہے توہم یہ منصوبہ نہیں چھیڑیں گے، کالا باغ ڈیم پربلاوجہ قومی بحث شروع کروا دی گئی ہے، ہم وفاق کی مضبوطی کے لیے صوبوں کے تحفظات کا احترام کریں گے۔

Load Next Story