نواز شریف اور مریم کی رہائی سے جمہوریت مضبوط ہوگی خورشید شاہ
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ معطل ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں کو انفرادی طور پر خود فیصلے کرنے چاہئیں، نواز شریف اور مریم نواز کی رہائی سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مضبوط ہو گی اور مسلم لیگ (ن) کے معاملات میں تبدیلی آئے گی۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : نواز شریف اور مریم کی رہائی
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا معطلی عدالت کا فیصلہ ہے جس کا سب کو احترام کرنا چاہیے، سیاسی معاملات اپنی جگہ لیکن بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد شریف خاندان تکلیف دہ صورت حال سے گزر رہا ہے، تکلیف کی اس گھڑی میں نواز شریف اور مریم نواز کو ریلیف کی ضرورت بھی تھی۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : فیصلے کا احترام کرتے ہیں
نوازشریف کی سزا معطلی پر پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کمزور تفتیش کی وجہ سے ہمیشہ طاقتور بچ جاتا ہے، نیب عدالت نے جب سزا دی تھی تب ہی اندازہ تھا کہ ہائی کورٹ ضمانت دے دی گی، نواز شریف کو تو ہمیشہ ریلیف ملتا رہا ہے، آج بھی مل گیا، تفصیلی فیصلہ آنے پر پتہ چلے گا کہ انہیں کن نکات پر ریلیف دیا گیا ہے، ابھی سزا معطل ہوئی ہے، نوازشریف کو مقدمے کا تو سامنا کرنا پڑے گا، نواز شریف نے جو جائیدادیں تسلیم کی تھیں ان کی منی ٹریل تو دینی پڑے گی۔