وزیراعظم عمران خان کا مودی کو خط پاک بھارت مذاکرات کی بحالی پر زور

پاکستان اور بھارت کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل حل کریں، وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم نے مودی کی جانب سے بامعنی مذاکرات پر زور کے بعد خط بھیجا ہے، فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندرا مودی کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاک بھارت مذاکرات کی دوبارہ بحالی پر زور دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد دینے کے لیے تہنیتی خط لکھا تھا۔ جس کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے بھی بھارتی ہم منصب کو جوابی خط لکھا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں پاک بھارت تنازعات پر باضابطہ مذاکرات شروع کرنے پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ اچھا ہوگا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر مل کر بات چیت کریں۔


بھارتی ویب سائیٹ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کی جانب سے بامعنی مذاکرات پر زور کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے خط بھیجا ہے، جس میں وزیراعظم عمران خان نے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل حل کریں۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی سائیٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو مثبت سوچ کے ساتھ خط کا جواب دیا ہے۔ انہوں نے بھارتی ہم منصب کو دعوت دی ہے کہ آئیے بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کا حل نکالیں اور ہم بھارت کے جواب کے منتظر ہیں۔



واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ اگر بھارت ایک قدم آگے بڑھے گا تو پاکستان 2 قدم بڑھائے گا۔
Load Next Story