چیمپئنز ٹرافی پروٹیز کپتان کی بھارتی ٹیم کیلیے وارننگ

افتتاحی معرکہ سر کرکے 8 ملکی ٹورنامنٹ میں اپنی فتح کی بنیاد ڈالیں گے، ڈی ویلیئرز.

افتتاحی معرکہ سر کرکے 8 ملکی ٹورنامنٹ میں اپنی فتح کی بنیاد ڈالیں گے، ڈی ویلیئرز۔ فوٹو: فائل

TRIPOLI:
جنوبی افریقہ نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنے پہلے حریف بھارت کے لیے وارننگ جاری کردی۔

پروٹیز قائد ابراہم ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ ہم افتتاحی معرکہ سر کرکے 8 ملکی ٹورنامنٹ میں اپنی فتح کی بنیاد ڈالیں گے، پاکستان سے بھی سخت مقابلے کا امکان ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز جمعرات کے روز کارڈف میں جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان میچ سے ہوگا، جنوبی افریقہ کے کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے اسے اہم ترین مقابلہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسی سے ان کی ٹیم کے 8 ملکی ٹورنامنٹ میں کامیاب سفر کی بنیاد پڑے گی۔




پروٹیز ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر ون رینکڈ ٹیم ہیں مگر ون ڈے میں ان کا عالمی درجہ بندی میں چوتھا نمبر ہے، آئی سی سی ٹرافیز کے قریب پہنچ کر خالی ہاتھ رہنے کی وجہ سے انھیں چوکرز کہا جاتا اور ہر ایونٹ میں ٹیم اس دعوے کے ساتھ میدان میں اترتی ہے کہ وہ اس لیبل کو اتار پھینکے گی مگر ہر بار شکست ہی اس کا مقدر بن جاتی ہے۔

ڈی ویلیئرز نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ہمارے اسکواڈ کے لیے 2015 میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے بھی اچھی آزمائش ثابت ہوگی، ہم کارڈف میں اپنے پہلے ہی میچ میں بھارت کے خلاف مضبوط آغاز کریں گے، پہلی کامیابی سے ہمیں کافی ایڈوانٹج حاصل ہوگا، انھوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم ایک خطرناک گروپ میں شامل ہے جس میں بھارت ہی نہیں بلکہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان خاص طور پر بڑا خطرہ ثابت ہوسکتے مگر ہماری ٹیم میں ڈیل اسٹین، ڈیوڈ ملر اور ہاشم آملا جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی ہمارے اعتماد میں اضافہ کررہی ہے۔ جنوبی افریقہ نے 1998 میں پہلی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔
Load Next Story