فرنچ اوپن قسمت ایک بار پھر سرینا ولیمز کو کزنٹسووا کے سامنے لے آئی

امریکی اسٹارکوارٹرفائنل میں مقابلہ کریں گی،روسی پلیئر2009میں امریکی حریف کوراؤنڈ8 میں پچھاڑنےکےبعد ٹائٹل جیت چکی ہیں.

امریکی اسٹار کوارٹر فائنل میں مقابلہ کریں گی، روسی پلیئر 2009میں امریکی حریف کو راؤنڈ8 میں پچھاڑنے کے بعد ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ فوٹو: فائل

فرنچ اوپن میں امریکی اسٹار سرینا ولیمز کو قسمت ایک مرتبہ پھر کوارٹر فائنل میں سویٹلانا کزنٹسووا کے سامنے لے آئی۔

روسی اسٹار 2009میں امریکی حریف کو راؤنڈ8 میں پچھاڑنے کے بعد ٹائٹل جیت چکی ہیں، تاہم اس مرتبہ فرنچ اوپن سے قبل بھرپور فارم کا مظاہرہ کرنے والی ورلڈ نمبرون سرینا ولیمز تاریخ بدلنے کیلیے پرعزم ہیں، سرینا ولیمز نے چوتھے راؤنڈ میں روبریٹا ونسی کو ٹھکانے لگایا جبکہ سویٹلا نا نے جرمن حریف اینجلیک کیربر کی کہانی ختم کردی، میز سنگلز میں ڈیوڈ فیرر ، نکولس الماگرو اور جوئے ولفریڈ سونگا نے کوارٹر فائنل کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گیارہ برس بعد فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے کی آرزومند سرینا ولیمز کو کوارٹر فائنل میں ایک مرتبہ پھر روس کی سویٹلانا کزنٹسووا کا چیلنج درپیش آگیا ہے، انھوں نے 2009 میں بھی راؤنڈ آٹھ میں سرینا کی پیشقدمی روکتے ہوئے چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا۔




چوتھے راؤنڈ میں سرینا کو اطالوی حریف روبریٹا ونسی کیخلاف کامیابی پانے میں محض70 منٹ لگے، انھوں نے مقابلہ 6-3 اور 6-1 سے اپنے نام کیا، اس کامیابی کے ساتھ سرینا کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ 28 میچز تک دراز ہوگیا، یہ 2000 کے بعد سے کسی بھی پلیئرز کی لگاتار فتوحات کا تیسرا بہترین سلسلہ ہے، وینس ولیمز 35 اور جسٹن ہینن32 مسلسل کامیابیوں کے ساتھ اس معاملے پر سرینا سے ابھی آگے ہیں، روس کی سویٹلانا کزنٹسووا نے جرمن حریف اینجلیک کیربر کو 6-4،4-6 اور 6-3 سے مات دے دی۔مینز سنگلز میں ڈیوڈ فیرر نے کیون اینڈرسن کو 6-3،6-1 اور 6-1 سے پچھاڑ کر راؤنڈ8 میں رسائی پالی، اسپین کے نکولس الماگرو کو ہموطن ٹامی روبریڈو نے اعصاب شکن مقابلے میں مات دے دی، ان کی جیت کا اسکور 6-7(5/7)،3-6،6-4،6-4 اور 6-4 رہا، جوئے ولفریڈ سونگا نے سربین پلیئر وکٹر ٹروسکی پر 6-3،6-3 اور 6-3 سے ہاتھ صاف کرلیا۔
Load Next Story