امیتابھ اور جیا بچن کو شادی کے بندھن میں بندھے 40 سال ہوگئے

زنجیر کی شوٹنگ کے دوران ہم نے وعدہ کیا تھا کہ فلم کامیاب ہوئی تو دونوں شادی کرلیں گے، بگ بی کا اعتراف

امیتابھ بچن اور جیا بچن 3جون 1973 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن اور جیا بچن آج اپنی شادی کی 40 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔

گزشتہ کئی عشروں سے بالی وڈ پر راج کرنے والے امیتابھ بچن اور جیا بچن کے درمیان فلمی جوڑی بھلے ہی عوام کی نظروں میں نہ چل سکی ہو لیکن حقیقی دنیا میں دونوں کی جوڑی نے اپنی شادی کے 40 سال پورے کرلئے ہیں۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کئے گئے بلاگ میں امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ فلم زنجیر کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر فلم کامیاب ہوگئی تو وہ دونوں شادی کرلیں گے ورنہ دونوں کی راہیں جدا ہوجائیں گی لیکن زنجیر نے ان دونوں کو ایک ساتھ باندھ دیا۔ 3جون 1973 کو ممبئی میں ہم نے اپنے گھر والوں اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں شادی کرلی اور ہمارا سفر آج بھی جاری ہے، دو بچے ایک بہو، داماد، ایک پوتی اور دو نواسے یہی ہمارا خاندان ہے۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن کی پہلی ہٹ فلم زنجیر تھی جو 1973 میں ریلیز ہوئی لیکن جیا بچن اس وقت ایک کامیاب اداکارہ تسلیم کی جاتی تھیں،اس فلمی جوڑے نے ابھیمان، چپکے چپکے، شعلے اور زنجیر میں ہی ایک ساتھ کام کیا اس کے علاوہ ''کبھی خوشی کبھی غم میں'' بھی اداکار جوڑا ایک ساتھ بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہوا۔
Load Next Story