نہری پانی کی قلت کیخلاف آبادگاروں کا احتجاج جاری

پنگریو، جھڈو روڈ پر دھرنا، احتجاجی کیمپ قائم، ہزاروں ایکڑزمین بنجر ہوگئی، مظاہرین

خیرپور گمبو سب ڈویژن کی نہروں میں گزشتہ 2 ماہ سے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف آٹھویں روز بھی ملکانی شریف میں آباد گار اتحاد کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا. فوٹو: فائل

خیر پور گمبو سب ڈویژن کی نہروں میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف آباد گار اتحاد کی جانب سے آٹھویں روز بھی احتجاج جاری رہا۔

ملکانی شریف میں شٹر ڈاؤن ہڑتال، پنگریو۔جھڈو روڈ پر دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور گمبو سب ڈویژن کی نہروں میں گزشتہ 2 ماہ سے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف آٹھویں روز بھی ملکانی شریف میں آباد گار اتحاد کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ پیر کے روز ملکانی شریف میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔




آباد گار اتحاد کے صدر پیر فیاض شاہ راشدی، سید عطا اللہ شاہ، طارق محمود آرائیں، محمد اسلم ملکانی، محمود دلوانی کی قیادت میں سیکڑوں آباد گاروں نے پنگریو جھڈو روڈ پر احتجاجی کیمپ قائم کر کے دھرنا دیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ گزشتہ 8 روز سے آباد گار احتجاج کر رہے ہیں لیکن محکمہ آب پاشی کے افسران سمیت ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

ہماری ہزاروں ایکڑ زمین پانی کی عدم فراہمی کے باعث بنجر ہوچکی ہے، علاقے میں اب پینے کے پانی کی بھی قلت ہو گئی ہے۔ آباد گاروں نے روزانہ ڈسٹرکٹ جیل بدین پہنچ کر احتجاج کرنے اور رضا کارانہ طور پر گرفتاریاں دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔
Load Next Story