ایشین بینچ پریس پاورلفٹنگ رابعہ شہزاد کا سلور میڈل

20 سالہ طالبہ نے 52 کلوگرام کی کیٹیگری میں دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی

: 20 سالہ طالبہ نے 52 کلوگرام کی کیٹیگری میں دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی ،فوٹو: سوشل میڈیا

دبئی میں منعقدہ ایشین بینچ پریس چیمپئن شپ کی 52 کلوگرام کیٹیگری میں سلور میڈل پانے والی پاکستان کی پاور لفٹر رابعہ شہزاد نے کہا ہے کہ اگر مناسب سرپرستی میسر آجائے تو وہ عالمی مقابلوں میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈلز بھی جیت کر لاسکتی ہیں۔

کراچی کے نجی تعلیمی ادارے کی طالبہ 20 سالہ رابعہ شہزاد نے ایشیائی مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے 2 مدمقابل بھارتی حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا اور دوسری پوزیشن کے ساتھ سلور میڈل اپنے نام کیا، سلیف فنانس کی بنیاد پر ایونٹ میں شرکت کرکے کامیابی پانے والی رابعہ شہزاد نے کہا کہ وہ اپنی کامیابی پر بہت مسرور ہیں اور اپنے پہلے ہی انٹرنیشنل ایونٹ میں سلور میڈل جیتنے کے بعد ان کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگیا، اپنے گھر کے ڈرائنگ روم ہی میں ٹریننگ کرنے والی رابعہ شہزاد نے اپنے بلند عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومتی سرپرستی میسر آجائے تو میں اپنے وطن کے لیے زیادہ بہتر نتائج فراہم کرسکتی ہوں۔


ایشین بینچ پریس چیمپئن شپ کی 52 کلوگرام کیٹیگری میں رابعہ شہزاد نے بغیر کسی کوچ کی مدد کے 2 بھارتی حریفوں انجانی باری اورنمیہ کماری کوپیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن پائی، کاغستان کی سلویوا الیونا نے پہلی پوزیشن کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا، رابعہ شہزاد کے والد شہزاد احمد باسکٹ بال روئنگ کے قومی کھلاڑی رہ چکے ہیں جبکہ رابعہ کی بہن ماہورشہزاد پاکستان کی قومی ویمن بیڈمنٹن چیمپئن ہیں۔

ایشین پاور لفٹنگ بنچ پریسپاکستانی میڈلز کی تعداد 9 ہوگئی
ایشین پاور لفٹنگ بنچ پریس چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی میڈلز کی تعداد 9 ہوگئی، پاکستانی کھلاڑی اب تک 3 گولڈ، 4 سلور اور 2 برانز میڈلز اپنے نام کرچکے ہیں، خواتین کے مقابلے ہفتے کی شب ختم ہوگئے تھے، قومی خواتین پاور لفٹرز نے شاندار کارکردگی دکھائی اور 3 گولڈ، 4 سلور اور 2 برانز میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا، چیمپئن شپ میں شامل تمام پاکستانی گرلز پاور لفٹرز میڈلز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

ان میں چاروں بہنوں نے بھی میڈلز لے کر نیا ریکارڈ قائم کیا، دبئی میں جاری ایونٹ میں پاکستان کی ویرونیکا سہیل نے جونئیر کلاس میں47 کلوگرام مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا، ٹوئنکل سہیل نے 72 کلوگرام میں پاکستان کو دوسرا سونے کا تمغہ دلایا، نزہت جبین نے63 کلو گرام میں گولڈ میڈل اپنے نام کرکے مجموعی گولڈ کی تعداد 3 کردی۔ رابعہ شہزاد، سنہیا غفور، نادیہ مقصود، رابعہ رزاق نے سلور میڈلز لیے۔ مریم سہیل، سیبل سہیل نے کانسی کے تمغے جیت کر سبز ہلالی پرچم لہرایا۔
Load Next Story