حمزہ شہباز کے گھر کے باہر قائم تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم

حمزہ شہباز نے اپنے گھر کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کی ہیں جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، درخواست گزار

لاہور ہائی کورٹ نے ڈی جی ایل ڈی اے کو طلب کر لیا فوٹو: فائل

لاہور:
ہائی کورٹ نے پنجاب میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے گھر کے باہر قائم تمام رکاوٹوں اور تجاوزات کو فوری ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے حمزہ شہباز کے گھر کے باہر تجاوزات کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ لاہور کی جوڈیشل کالونی میں حمزہ شہباز نے اپنے گھر کے پیچھے گلی میں رکاوٹیں کھڑی کی ہیں جس سے کالونی کے دیگر مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔


سپریم کورٹ نے تمام رکاوٹیں اور تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا تھا لیکن اس پر مکمل عمل نہیں کیا گیا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ حمزہ شہباز کے گھر باہر رکاوٹوں کو ہٹانے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا تمام تجاوزات کا مکمل خاتمہ کردیا گیا ہے جس پر درخواست گزار وکیل نے بتایا کہ ابھی مکمل خاتمہ نہیں کیا گیا پرائیویٹ سیکیورٹی اہلکاروں کی چوکیاں ابھی بھی موجود ہیں جس پر عدالت نے تمام تجاوزات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے کو بھی کل کے لیے طلب کر لیا۔
Load Next Story