وزیراعظم عمران خان نااہلی کیس سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی طلب

عمران خان پوری قوم کے سامنے جھوٹ بول کر صادق اور امین نہیں رہے، درخواست گزار

اگر عمران خان پر الزامات ثابت ہوتے ہیں تو انہیں نااہل کیا جائے، درخواست گزار۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان کے خلاف نااہلی کے لیے درخواست پر ہائی کورٹ نے عمران خان اہلیت کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی طلب کرتے ہوئے وکلا سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل بھی طلب کرلیے۔

لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان پوری قوم کے سامنے جھوٹ بول کر صادق اور امین نہیں رہے، سیتا وائٹ کے بطن سے پیدا ہونے والی ٹیریان خان عمران خان کی بیٹی ہے، عمران خان ٹیریان کو اپنی سرپرستی میں لے چکے ہیں، بین الاقوامی میڈیا بھی انہیں ٹیریان کا باپ قرار دے چکا ہے، عمران خان پر لگنے والے الزامات پر جے آئی ٹی بنادی جائے جس سے سب واضح ہوجائے گا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست خارج کردی

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نے اقتدار میں آکر کڑے احتساب کی بات کی، پہلے وہ خود احتساب کےلیے پیش ہوں، عمران خان پر جو الزامات لگائے جا رہے ہیں، عدالت میں بلا کر ان کا جواب طلب کیا جائے، اگر عمران خان پر الزامات ثابت ہوتے ہیں تو انہیں نااہل کیا جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ انتخابی عذرداری کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے ٹربیونل کام کر رہے ہیں آپ کو وہاں جانا چاہیے تھا، درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی درخواست دی گئی۔ عدالت نے درخواست گزار سے سپریم کورٹ کی عمران خان کی اہلیت سے متعلق فیصلے کی مصدقہ کاپی طلب کرلی جب کہ عدالت نے آئندہ سماعت پر درخواست گزار اور سرکاری وکیل سے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل بھی طلب کرلیے۔
Load Next Story