کراچی سرکلر ریلوے کیلیے24اسٹیشن قائم کیے جائیں گے

43.12کلومیٹرز پر ڈبل ٹریک بچھائے جائینگے،ہر5منٹ کے وقفے کے بعد ٹرین روانہ ہوگی، چیف سیکریٹری کو بریفنگ

اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی سرکلر ریلوے کیلیے43.12کلومیٹرز پر ڈبل ٹریک بچھائے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

چیف سیکریٹری سندھ محمد اعجاز چوہدری نے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے میں تاخیر اور منصوبے کی لاگت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کراچی اربن ٹرانسپورٹ کمپنی (کے یو ٹی سی) اور کراچی سرکلر ریلوے کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے تیز تر اقدامات کریں اور حکومتی سطح پر بریفنگ کے لیے تیاری کریں۔

جمعرات کی صبح چیف سیکریٹری کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کی بحالی اور اس سلسلے میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کیلیے حکمت عملی تیار کی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ جائیکا، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی ہدایت کی روشنی میں منصوبے کی سماجی، ماحولیاتی اور انجینئرنگ اسٹیڈیز مکمل ہوچکی ہیں اور منصوبے کیلیے قرضہ حاصل کرنے کی غرض سے بات چیت جاری ہے، اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کی لاگت 2609ملین ڈالر تک پہنچ چکی اور ایکنک نے اس لاگت کی منظوری16اگست2012کو دی تھی جب ڈالر کا ریٹ 94.50روپے تھا۔




اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ جائیکا کی طرف سے نرم شرائط پر قرضہ فراہم کیا جائے گا، اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ کراچی سرکلر ریلوے کیلیے43.12کلومیٹرز پر ڈبل ٹریک بچھائے جائیں گے، اس میں سے22.86کلومیٹر ایلیویٹڈ ٹریک ہوگا،3.93کلومیٹر سرنگ (ٹنل) تعمیر کی جائے گی اور16.33 کلومیٹر گراؤنڈ ٹریک ہوگی، ہر ڈیڑھ کلومیٹر پر کے بعد مجموعی طور پر24اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

ہر5 منٹ کے وقفے کے بعد ٹرین روانہ ہوگی اور اس کا سگنل اور ٹیلی کام سسٹم انتہائی جدید ہوگا،بزرگوں اور خصوصی افراد کیلیے بورڈنگ کی اضافی سہولیات ہوں گی،اس سے یومیہ5لاکھ80 ہزار مسافروں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی، اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی سید ہاشم رضا زیدی، سیکریٹری امپلی مینٹیشن عبدالحلیم شیخ، کے سی آر کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اعجاز خلجی، کے یو ٹی سی سے ایم ڈی شیر ایاز خان، جی ایم نیرو بینی کارپوریشن اسلام آباد اے ٹی یوکی شباتا اور کارپوریشن کی جی ایم کراچی کیمی ہیرو جوش مارو نے شرکت کی۔
Load Next Story