سپریم کورٹ کا منشا بم کی گرفتاری اور تمام اراضی واگزار کرانے کا حکم

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ملک کرامت کھوکر نے منشا بم کو چھڑانے پر عدالت سے معافی مانگ لی

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ملک کرامت کھوکر نے منشا بم کو چھڑانے پر عدالت سے معافی مانگ لی

سپریم کورٹ نے منشا بم کی گرفتاری اور اس کے قبضے سے تمام اراضی واگزارکرانے کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق گزشتہ روز جوہر ٹاؤن لاہور میں سرگرم قبضہ مافیا گروپ کے سرغنہ منشا بم کے خلاف کارروائی کے لئے شہری کی درخواست پر کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی، سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ قبضہ مافیا کے سرغنہ منشا بم کو پولیس حراست سے چھڑانے کے لئے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ملک کرامت کھوکھر نے فون کیا تھا، عدالتِ عظمیٰ نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کرامت کھوکھر اور رکن صوبائی اسمبلی ندیم عباس بارا کو سپریم کورٹ میں ذاتی حیثیت سے طلب کرلیا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پی ٹی آئی والوں کے بدمعاشی کے ڈیرے

آج جب کیس کی سماعت ہوئی تو چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ملک کرامت کھوکھر سے استفسار کیا کہ منشا بم کون ہےاور آپ کا اس کے کیا تعلق ہے؟ اور عدالت سے غلط بیانی کیوں کی۔


کرامت کھوکھر نے اعتراف کیا کہ منشا بم ہماری برادری کا ہے لیکن اسے چھڑا کر میں نے بہت بڑی غلطی کی، جس پر عدالت سے معافی مانگتا ہوں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیا سیاسی جماعت کا کوئی ڈسپلنری ایکشن نہیں ہوگا، سوچ رہا تھا یہ معاملہ وزیراعظم کو بھجوا دوں لیکن ہم یہ معاملہ پی ٹی آئی کو بھجوا رہے ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ تحریری معافی اور یقین دہانی لکھ کر دیں، جس پر کرامت کھوکھر نے تحریری لکھ کردیا کہ عدالت کو یقین دلاتا ہوں آئندہ ایسا نہیں ہوگا، عدالت نے رکن قومی اسمبلی کرامت کھوکھر کی معافی قبول کرلی۔

چیف جسٹس نے پولیس افسر سے استفسار کیا کہ کہاں ہے منشا بم اور پولیس آفیسر کہاں ہے، پولیس حکام نے جواب دیا کہ چھاپے مارے ہیں، منشا بم کو گرفتار نہیں کرسکے، کوششیں جاری ہیں جلد گرفتار کر کے پیش کریں گے، پولیس حکام نے عدالت سے استدعا کی کہ منشا بم ایک مافیا ہے، وہ ایک ناسور بن چکا ہے، گزشتہ حکومت میں مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے منشا بم کو سپورٹ کر رہے تھے، کرامت کھوکھر منشا بم کو پیش کروا سکتے ہیں، جس پر کرامت حسین کھوکھر نے پولیس سے مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان میں تارکین وطن کی جائیداد پر قبضہ ہو جاتا ہے، منشا بم نے بھی اورسیز پاکستانی کی جائیداد پر قبضہ کر لیا، کیا پولیس منشا بم کے نام کے ساتھ لگے بم سے تو نہیں ڈر گئی، عدالت نے قبضہ مافیا کے سر غنہ منشا بم کی گرفتاری اور اس کے قبضے میں تمام اراضی واگزار کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

Load Next Story