آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز محمد حفیظ نے دبئی میں اسکواڈ جوائن کرلیا

محمد حفیظ کو بہتر بیٹنگ کی صلاحیت اور اسپن بولنگ کی اضافی خوبی کی وجہ سے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے

سلیکشن کمیٹی نے محمد حفیظ کو 18 ویں رکن کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا تھا فوٹو:فائل

پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اسکواڈ جوائن کرلیا۔

سلیکشن کمیٹی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی فارم کا مظاہرہ کرنے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو 18 ویں رکن کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا تھا، آل راﺅنڈر گزشتہ رات لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ سے روانہ ہوئے تھے۔


یاد رہے کہ محمد حفیظ نے آخری ٹیسٹ میچ اگست 2016 میں انگلینڈ کے خلاف برمنگھم میں کھیلا تھا، اس کے بعد قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں ان اور آﺅٹ ہوتے رہے، آخری ایک روزہ میچ جنوری 2018 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلا تھا، اس کے بعد انہیں روال سال دورہ زمبابوے کے لئے ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن 2 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ناکامی کے بعد پانچوں ون ڈے باہر بیٹھ کر دیکھے۔

ایشیا کپ میں انہیں سلیکشن کے قابل نہیں سمجھا گیا تھا، کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے اسکواڈ میں بھی انہیں شامل کرنے سے گریز کیا گیا تھا تاہم یواے ای کی کنڈیشنز میں بہتر بیٹنگ کی صلاحیت اور اسپن بولنگ کی اضافی خوبی کی وجہ سے انہیں اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جہاں 17 کھلاڑی پہلے ہی موجود ہیں۔
Load Next Story