نواز شریف سے جرمن وزیر خارجہ کی ملاقات باہمی امور پر تبادلہ خیال

جرمنی سرمایہ دار پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں تاکہ پاکستان جلد لوڈشیڈنگ پر قابو پاسکے، نواز شریف

جرمنی کا 60 رکنی تجارتی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا اور اقتصادی امور بہتر بنانے کے لئے مدد فراہم کرے گا، گلڈو ویسٹرویلے فوٹو: این این آئی

وزیر اعظم نواز شریف سے جرمنی کے وزیر خارجہ گلڈو ویسٹرویلے نے ملاقات کی جس میں باہمی امور سمیت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


اسلام آباد میں جرمنی کے وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران نواز شریف نے کہا کہ پاکستان جرمنی کو اپنا قریبی دوست سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے ہماری خود مختاری اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں اور انہیں فوری بند کیا جانا چاہئے، ہم کئی بار متعلق اپنا مؤقف سامنے رکھ چکے ہیں کہ ڈرون حملے ناقابل برداشت ہیں۔ نواز شریف نے خواہش کا اظہار کیا کہ جرمنی کے سرمایہ دار پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں تاکہ پاکستان جلد لوڈشیڈنگ پر قابو پاسکے۔

جرمن وزیر نے نواز شریف کو جرمنی کی چانسلر انجیلا میرکل کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جرمنی کا 60 رکنی تجارتی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا اور اقتصادی امور بہتر بنانے کے لئے مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کی جائے جس میں دونوں ممالک کے سرمایہ کار شرکت کریں اور سرمایہ کاری کے لئے ممکنہ تجاویز سامنے لائیں۔
Load Next Story