ایک دھیلے کی بھی کرپشن نہیں کی شہباز شریف

دن رات ایک کرکے عوام کی خدمت کی، مجھ پر سیاسی مقدمہ بنایا گیا، صدر مسلم لیگ (ن) کا عدالت کے روبرو بیان

مجھ پر سیاسی مقدمہ بنایا گیا، صدر مسلم لیگ (ن) کا عدالت کے روبرو بیان فوٹو:فائل

آشیانہ ہاؤسنگ کرپشن کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کرپشن الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک دھیلے کی بھی بدعنوانی نہیں کی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے کرپشن کیس میں شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا جس نے ان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔ پراسیکیوٹر نیب نے عدالت سے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے سرکاری آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دیا جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔


یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

شہباز شریف نے عدالت کے روبرو بیان میں کہا کہ انہوں نے ایک دھیلے کی بھی کرپشن نہیں کی اور دن رات ایک کرکے عوام کی خدمت کی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ان پر سیاسی بنیادوں پر مقدمہ بنایا گیا ہے جبکہ انہوں نے اورنج لائن منصوبے میں بھی قوم کے 75 ارب روپے بچائے ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ روز قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کیا تھا۔ نیب کے مطابق شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے آشیانہ ہاؤسنگ منصوبے میں میرٹ پر ٹھیکا لینے والی کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کرا کے اپنی من پسند کمپنی کو ٹھیکا دلوایا۔
Load Next Story