اجناس کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے ملا جلا رجحان

خام تیل 3.5 ڈالر فی بیرل مہنگا، سونا 8.5 ڈالر سستا، پلاٹینم وپلاڈیم کی قیمتیں بڑھ گئیں

تانبے وجست کے نرخ کم، ایلومینیم وکلئی کے زیادہ، گندم ومکئی مستحکم، چینی کے دام گرے۔ فوٹو: فائل

اجناس کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے ملاجلا رجحان رہا، خام تیل کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کے بعد اضافے کا رجحان رہا، کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ تک لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج میں برینٹ نارتھ سی کروڈ کی جولائی میں فراہمی کے لیے قیمت 101.06 ڈالر سے بڑھ کر 104.68 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔

نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیوٹی آئی) یا لائٹ سوئٹ کروڈ کی جولائی میں ترسیل کے لیے قیمت ایک ہفتے میں 92.67 ڈالر سے بڑھ کر 96.14 ڈالر فی بیرل پر آگئی، اس طرح خام تیل کی قیمتوں میں کم وبیش 3.5 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا، قیمتی دھاتوں کے لیے گزشت ہفتے صورتحال ملی جلی رہی، لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک ہفتے کے دوران 8.5 ڈالر کی کمی کے نتیجے میں 1394.50 ڈالر سے گھٹ کر 1386 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ چاندی کی قیمت 3سینٹ کے معمولی اضافے سے 22.57 ڈالر سے بڑھ کر 22.60 ڈالر فی اونس ہوگئی، لندن پلاٹینم وپلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت ایک ہفتے میں 46 ڈالر اضافے کے ساتھ 1459 ڈالر سے بڑھ کر1505 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ پلاڈیم کی قیمت 10ڈالر بڑھ کر 754 ڈالر ہوگئی جو ایک ہفتے قبل744ڈالر فی اونس تھی۔




صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی گزشتہ ہفتے اتارچڑھاؤ آیا، لندن میٹل ایکسچینج میں تانبے کی 3ماہ کے اندر سپلائی کے لیے قیمت 25ڈالر کی کمی سے 7270 ڈالر سے گھٹ کر 7245 ڈالر فی ٹن ہوگئی، ایلومینیم کی قیمت ایک ہفتے میں51ڈالر فی ٹن بڑھی جس کی وجہ سے قیمت 1902 سے 1953ڈالر فی ٹن ہوگئی، لیڈ کے نرخ میں کمی آئی اور ایک ہفتے میں قیمت 2183 ڈالر سے گھٹ کر 2168.50 ڈالر فی ٹن ہوگئی، ٹین کی قیمت 20900 سے بڑھ کر 21ہزار ڈالر فی ٹن ہوگئی جبکہ کلئی کے نرخ بھی 14670 ڈالر سے بڑھ کر 15050 ڈالر فی ٹن ہوگئے۔

جست کی قیمت 1912 سے گھٹ کر 1908.25 ڈالر فی ٹن ہوگئی، چینی کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی ہوئی، خام چینی کی قیمت ایک ہفتے میں 16.72 سینٹ سے گھٹ کر 16.68 سینٹ فی پاؤنڈ ہوگئی جبکہ سفید چینی کی قیمت 479.80 ڈالر سے کم ہو کر 479 ڈالر فی ٹن ہوگئی، گزشتہ ہفتے مکئی اور گندم کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story