ایف بی آر حکام کی ملی بھگت سے کروڑوں کی مس ڈیکلریشن کا انکشاف

ممنوعہ حساس سیٹلائٹ رسیورز، موبائل فون،ایل ای ڈی ڈش رسیورز سمیت دیگر اشیا کمپیوٹر پارٹس ظاہر کرکے منگوائی گئی تھیں۔

کنٹینر کے آئی سی ٹی سے سمبڑیاں ڈرائی پورٹ جانا تھا، کسٹمز انٹیلی جنس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر اشیا قبضے میں لے لیں۔ فوٹو : فائل

ایف بی آرحکام کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے کی مس ڈیکلریشن کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جنس نے کمپیوٹر پارٹس ظاہر کرکے منگوائے جانے والے ممنوعہ حساس سیٹلائٹ رسیورز، موبائل فون، ایل ای ڈی ڈش رسیورز سمیت دیگر اشیا سے بھرے کنٹینر پکڑ لیے ہیں، اس ضمن میں کسٹمزانٹیلی جنس کے سینئر افسر نے گزشتہ روز ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ کسٹمز انٹیلی جنس نے کمپیوٹر پارٹس ظاہر کرکے منگوائے جانے والے ممنوعہ حساس سیٹلائٹ رسیورز، موبائل فون، ایل ای ڈی ڈش رسیورز سمیت دیگر اشیا منگوانے والے گروہ کا سْراغ لگا لیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔


ذرائع کے مطابق کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (کے آئی سی ٹی) پر آنے والے ایک کنٹینر میں کمپیوٹر پارٹس ظاہر کیا گیا اس کنٹینر نے سمبڑیاں ڈرائی پورٹ جانا تھا مگر کسٹمز انٹیلی جنس حکام کو مصدقہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ یہ کنٹینر مس ڈکلریشن کے ذریعے کے آئی سی ٹی سے کلیئر کرایا گیا ہے اور اس میں ممنوعہ اشیا و دیگر سامان ہے جس پر کسٹمز حکام نے اس کنٹینر کا پیچھا کیا تو یہ کنٹینر غیر قانونی طور پر کراچی میں کھولا گیا جسے کسٹمز حکام نے پکڑ لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کنٹینر سے کمپیوٹر پارٹس کے بجائے قیمتی موبائل فون اور ایل ڈی سمیت دیگر سامان برآمد ہوا۔ اس کے علاوہ کسٹمز حکام نے کنٹینر میں کمپیوٹر پارٹس ظاہر کرکے ایک کروڑ 54 لاکھ 80 ہزار ر وپے سے زائد مالیت کے 14 ہزار 440 سیٹلائٹ سیٹ سے بھرا کنٹینر بھی پکڑ لیا ہے اور ان کارروائیوں کے بعد کسٹمز انٹیلی جنس نے درآمدی کنٹینر کی چیکنگ سخت کردی جس دوران بڑے پیمانے پر کمپیوٹر پارٹس کی آڑ میں دوسری اشیا منگوانے کی کوشش کے دوران کنٹینر پکڑے گئے ہیں اور کسٹمز حکام نے کارروائی شروع کردی ہے۔

 
Load Next Story