سویڈن کی شہزادی ’’میڈلائن‘‘ محل چھوڑ کر پیا گھر سدھار گئیں
سویڈن کی شہزادی ''میڈلائن'' محل چھوڑکر پیا گھر سدھار گئیں، 30 سالہ شہزادی برطانوی نژاد امریکی بینکار کی دلہن بنیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 30 سالہ شہزادی '' میڈلائن'' کی شادی 38 سالہ امریکی بینکار ''کرسٹوفر او نیل'' سے ہوئی، اس موقع پر شہزادی نے خوبصورت 6 میٹر لمبا روایتی گاؤن پہن رکھا تھا جبکہ کرسٹوفر نے سیاہ کوٹ پینٹ کوٹ زیب تن کیا ہوا تھا، اس رنگا رنگ تقریب کا انعقاد ''اسٹاک ہوم پیلس'' میں ہوا جس میں دنیا بھر سے شاہی جوڑوں اور مشہور کاروباری افراد نے شرکت کی۔ شادی کےلئے جوڑا خوبصورت بگھی میں شاہی گھوڑوں کے پروٹوکول میں چرچ پہنچا جہاں کرسٹوفر نے انگلش جبکہ شہزادی نے سویڈش زبان میں شادی کا عہد دہرایا۔ اس خوبصورت تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ لاکھوں لوگوں نے ٹی وی پر دیکھا۔ ''ڈچس آف ہال سنگ لینڈ'' شادی کے بعد نیویارک چلی جائیں گی جہاں وہ پہلے سے ہی بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک بین الاقوامی این جی او چلارہی ہیں۔
واضح رہے کہ پارٹی پرنسس کے نام سے پہچانی جانے والی میڈلائن 2010 میں پہلی بار کرسٹوفر سے نیویارک میں ملیں اور اپنا دل دے بیٹھیں۔