آسٹریلیا کیخلاف فتح کیلیے ٹیم کو جان لڑاناہوگیڈیوواٹمور

ٹیم مضبوط حریف کو زیر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

نوجوان بولرز کوصلاحیتیں منوانے کاموقع مل گیا،کنڈیشنزدونوں ٹیموں کیلیے یکساں ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

لاہور:
کوچ ڈیوواٹمورنے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں فتح کیلیے ٹیم کو جان لڑانا ہوگی، نوجوان بولرز کوصلاحیتیں منوانے کا اچھا موقع مل گیا، سلیکٹرز نے متوازن ٹیم تشکیل دی، کینگروز کی کارکردگی کا گراف نیچے آرہا ہے، کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔


لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمر گل اور محمد سمیع جیسے سینئرز کی عدم موجودگی میں سہیل تنویر، اعزاز چیمہ،جنید خان اور انور علی کے پاس بہترین موقع ہوگا کہ ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عمدہ پرفارمنس سے جگہ پکی کرلیں، کوچ نے کہا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران کینگروز کی پرفارمنس زیادہ بہتر نہیں رہی، ان کی کوشش ہوگی کہ معیاری کھیل پیش کرکے کارکردگی میں تسلسل لائیں مگر ہم بھی متوازن ٹیم لے کر یو اے ای جا رہے ہیں، سلیکٹرز نے اچھا کمبی نیشن تشکیل دیا۔

ٹیم مضبوط حریف کو زیر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی اور ہر رکن جانتا ہے کہ فتح کیلیے سخت محنت کی ضرورت ہوگی، انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم ایک اور ہوم سیریز ملک سے باہر کھیلنے پر مجبور ہیں، اس صورتحال میں کنڈیشنز دونوں ٹیموں کیلیے یکساں ہوںگی، ہو م گرائونڈ اور کرائوڈ کی عدم موجودگی میں ہمیں جیت کیلیے جان لڑانا پڑے گی، واٹمور نے کہا کہ سری لنکن پریمیئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو حاصل ہونے والا تجربہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں کام آئے گا، پالے کیلی اور کولمبو میں میچز موسمی حالات اور وکٹوں سے مطابقت حاصل کرنے میں مدگار ثابت ہوں گے۔
Load Next Story