سابق کپتان یونس خان بھی سرفراز احمد کے حق میں بول پڑے

سرفراز کبھی دھوکا نہیں دے گا، یونس خان

سرفراز احمدکو پاکستان ٹیم کا کپتان برقرار رہنا چاہیے، یونس خان فوٹو:فائل

سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے قومی کپتان سرفراز احمد کی بھرپور سپورٹ اور حمایت کرتے ہوئے محمد حفیظ کے انتخاب کے حوالے سے سلیکشن اسٹائل پر حیرانگی ظاہر کردی۔

کراچی جیم خانہ میں انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے کہا کہ سینئر بیٹسمین محمد حفیظ کی ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت عجیب انداز میں ہوئی، پہلے حفیظ کو 15 کھلاڑیوں میں شامل ہی نہیں کیا گیا، پھر 16 کھلاڑیوں میں بھی نام نہ آیا، بعد میں 17 رکنی ٹیم میں بھی شامل نہ کیے گئے لیکن پھر حفیظ ٹیم میں آئے اور پلینگ الیون میں شامل ہوئے، انہوں نے اپنی عمدہ کارکردگی سے خود کو ثابت بھی کیا۔


یونس خان نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کےسینئرکھلاڑیوں کے ساتھ ایسابرتاؤ افسوس ناک ہے، ایک سوال کے جواب میں یونس خان نے کہا کہ سرفراز احمد کو پاکستان ٹیم کا کپتان برقرار رہنا چاہیے، ہمارے یہاں ایک ایونٹ کے بعد ہی کپتان کی تبدیلی کی باتیں شروع ہوجاتی ہیں جو درست عمل نہیں۔

ہمیں کپتان کو سپورٹ کرنا چاہیے تاکہ اسے یہ کہنے کا موقع نہ ملے کہ وہ ایک ہفتے سے سویا نہیں، یونس خان نے اپنی مخصوص مسکراہٹ کے ساتھ کہا کہ سرفراز کبھی دھوکا نہیں دے گا، سرفراز احمد بہترین صلاحیت رکھتا ہے، سرفراز احمد کو بھرپور سپورٹ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں بتدریج مزید بہتری آئے گی۔
Load Next Story