ہم بڑے ڈاکوؤں سے پیسہ نکلوانے کی کوشش کر رہے ہیں فواد چوہدری

10 سال پرانی کرپشن پر کمیشن بنانے کے خلاف اسمبلی میں بل پیش کروں گا، وفاقی وزیر اطلاعات

10 سال کی پرانی کرپشن پر کمیشن بنانے کا بل اسمبلی میں دوں گا، وفاقی وزیر اطلاعات۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم بڑے ڈاکوؤں سے پیسہ نکلوانے کی کوشش کر رہے ہیں اور 10 سال کی پرانی کرپشن پر کمیشن بنانے کا بل اسمبلی میں دوں گا۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن ارکان رات کو میڈیا پر آکر ہمیں بتاتے ہیں کہ کیا کرنا چاہیے، اپوزیشن شور مچانے کے بجائے الزامات کا جواب دے، ہم بڑے ڈاکوؤں سے پیسہ نکلوانے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ 10 سال کی پرانی کرپشن پر کمیشن بنانے کا بل اسمبلی میں دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو مکمل معاشی طور پر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جب کہ چینی سرمایہ کاری سے ہمارے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔


وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم مکمل محفوظ اسکیم ہے، غریب عوام کو صحت کی سہولت دینے کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے جب کہ کابینہ نے وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کا جامع آڈٹ کرایا جائے گا، نیواسلام آباد ایئرپورٹ کی لاگت 38 ارب سے بڑھ کر 100 ارب کیسے ہوگئی، اس کا حساب کون دے گا، سگریٹ مافیا کے خلاف بھی بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، سگریٹ پر ٹیکس نہ دینے والی کمپنیوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا جب کہ اس سال کے اختتام تک غیر قانونی موبائل فون ملک میں کام نہیں کر سکیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی آئی اے 406 ارب کی مقروض ہے، پی آئی اے ہر ماہ آپریشن اخراجات کیلئے 2 ارب خسارہ کرتی ہے تاہم پی آئی اے کا ری اسٹرکچرنگ پلان کابینہ کو پیش کیا ہے۔ ائیر وائس مارشل ارشد ملک کو چیئرمین پی آئی اے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چیرمین پی آئی اے کو کہا گیا ہے کہ ادارے کی مالی مشکلات کو فوری حل کریں۔
Load Next Story