اسرائیلی شہریوں کے پتھراؤ سے فلسطینی خاتون شہید

اسرائیلی آبادی سے فلسطینی مظاہرین پر پتھراؤ کیا گیا، ایک پتھر وہاں سے گزرنے والی کار سوار خاتون کے سر پر لگا تھا

شہید خاتون کی نمازہ جنازہ میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی (فوٹو : اے پی)

فلسطین میں مغربی کنارے پر اسرائیلی باشندوں کے پتھراؤ کی زد میں آکر شدید زخمی ہونے والی فلسطینی خاتون نے آج جام شہادت نوش کرلیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعے کے روز مغربی کنارے پر اسرائیلی آبادی سے فلسطینیوں پر پتھراؤ کیا گیا تھا۔ ایک پتھر وہاں سے گزرنے والی کار سوار خاتون کے سر پر لگا اور شدید ضرب لگنے کے باعث وہ بے ہوش ہوگئی تھیں۔

خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں اُن کا علاج جاری تھا تاہم وہ آج دوران علاج خالق حقیقی سے جا ملیں۔ شہید خاتون کی نمازی جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


عائشہ روابی اپنے شوہر کے ہمراہ کار میں مغربی کنارے کے اُس علاقے سے گزر رہی تھیں جہاں اسرائیلی باشندے فلسطینی مظاہرین پر پتھر برسا رہے تھے۔ ایک بڑا پتھر خاتون کے سر پر آکر لگا اور وہ خون آلود ہوگئیں۔

فلسطین کے وزارت صحت کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ 47 سالہ عائشہ روابی کے شوہر انہیں شدید زخمی حالت میں اسپتال لائے تھے، خاتون کا علاج جاری تھا لیکن سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

فلسطین کے صدر محمود عباس نے عالمی برادری سے خاتون کی شہادت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی شہریوں کو شناخت کرکے نشانہ بنایا جاتا ہے اور نہتے فلسطینیوں کی شہادتوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس کی آزاد اور شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔
Load Next Story