پاکستان میں 3 کالعدم تنظیموں کے آپریٹرز ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

حمزہ، محمد بلال اور سبط الحسن سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی اور تحریک جعفریہ کو پاکستان میں آپریٹ کرتے تھے، ایف آئی اے

عدالت کا ملزمان کو اٹھارہ اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان میں 3 کالعدم تنظیموں سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی اور تحریک جعفریہ کے آپریٹرز کو ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی کے روبرو کالعدم تنظیموں سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی اور تحریک جعفریہ کے آپریٹرز حمزہ، محمد بلال اور سبط الحسن کو پیش کیا۔


ایف آئی اے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان میں کالعدم تنظیموں کی تعداد 75 ہے، جن میں 36 کالعدم تنظیمیں سوشل میڈیا پر فعال ہیں۔ اس سلسلے میں ایک سال تک بین الاقوامی سطح پر تفتیش کی گئی، جس میں 7 ممالک اور سوشل میڈیا سائٹس سے بھی معاونت حاصل کی گئی، کالعدم تنظیموں کے ایڈمنسٹریٹرز کا سراغ لگانے میں انٹرپول نے بھی معاونت کی۔

حمزہ، محمد بلال اور سبط الحسن سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیموں کے پیج چلاتے تھےاور سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی اور تحریک جعفریہ کو پاکستان میں آپریٹ کرتے تھے،یہ ملزمان اسلام آباد، جہلم اور گلگت سے گرفتار کئے گئے۔ ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے پیکا ایکٹ کی دفعہ 9، 10 اور 10 اے کے تحت مقدمات درج کیے۔ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دیا جائے۔

عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا، عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کو 18 اکتوبر کو دوبارہ پیش کیا جائے۔
Load Next Story