کراچی میں بڑے منصوبوں کیلیے تعاون کرینگے پرویز اشرف

ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کی قیادت کے درمیان اچھے تعلقات استوار ہیں، متحدہ وفد سے گفتگو

اسلام آباد :وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے ایم کیو ایم کا وفد فاروق ستار کی قیادت میں ملاقات کررہا ہے۔ فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت کراچی کی ترقی کو پاکستان کی ترقی گردانتی ہے اور اس مقصد کیلیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو فاروق ستار کی قیادت میں 9رکنی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیاجبکہ وزیراعظم سے میر چنگیز خان جمالی، برطانوی ہائی کمشنر ایڈم مکلیور اور فن لینڈ، بیلاروس اور رومانیہ کے اعزازی قونصلرز نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔


وزیراعظم سے سمندر پار پاکستانیوں کے وزیر فاروق ستار کی قیادت میں وفد کی ملاقات میں انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی میں بہترین تعلقات ہیں دوران ملاقات کراچی میں جاری لیاری ایکسپریس وے، کراچی سرکلر ریلویز،کراچی حیدرآباد موٹروے اور دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ستمبر میں لیاری ایکسپریس وے کے افتتاح کی دعوت بھی قبول کی اور کہا کہ کراچی کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہ ملکی ترقی کے لیے اشد ضروری ہے۔
Load Next Story