ایفی ڈرین کیس ثبوت نہ ملنے پر گرفتار ڈپٹی ڈائریکٹر صحت کی ضمانت منظور

انسدادمنشیات عدالت نے ڈرگ کنٹرولرشیخ انصارسمیت3ملزمان کی درخواستوں پرسماعت ملتوی کردی

انسدادمنشیات عدالت نے ڈرگ کنٹرولرشیخ انصارسمیت3ملزمان کی درخواستوں پرسماعت ملتوی کردی۔ فوٹو: فائل

ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس خواجہ امتیاز احمد اور جسٹس عباد الرحمان لودھی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ایفی ڈرین کوٹا کیس میںگزشتہ ساڑھے4ماہ سے گرفتار ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ عبدالستار سوہرانی کی ضمانت منظورکر لی اور10لاکھ روپے مالیت کا ضمانتی مچلکہ جمع کرانے پر ان کی فوری رہائی کا حکم دے دیا۔

عدالت نے قراردیا کہ بادی النظر میں سائل کے خلاف یہ کیس نہیں بنتا اور اے این ایف کے ثبوتوں میں جان نہیں ہے اس لیے سائل کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جاتا ہے۔ ملزم کے وکیل عبدالرشیدشیخ نے کہاکہ ایفی ڈرین مقدمہ بوگس،جھوٹا اورسیاسی انتقام ہے جو وفاقی وزیر مخدوم شہاب،علی موسیٰ گیلانی ،خوشنود لاشاری کیخلاف وعدہ معاف گواہ بننے سے انکارکرتا ہے اسے ملزم بناکردھرلیا جاتا ہے۔


عبدالستارکو وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کی گئی انکارپر تھانہ بلا کر پکڑ لیا 3پیش کیے گئے چالانوں میں عبدالستارکا نام ملزمان کی فہرست میں شامل نہیں تھا بعد میں شامل کرنا بدنیتی ہے،ان کا نام ایف آئی آر میں بھی شامل نہیں۔عدالت نے کہا اس ملزم کیخلاف ثبوت ہے تو پیش کیا جائے مگر اے این ایف ناکام رہی، عدالت نے ملزم کیخلاف فرد مقبوضگی طلب کیے تو اے این ایف حکام دینے کا وعدہ کرکے تمام ریکارڈ لیکر غائب ہوگئے جس پر عدالت نے سخت غصہ کا اظہارکرتے ہوئے اے این ایف پراسیکیوٹر اور نائب کورٹ کو طلب کرکے سخت باز پرس کی۔

ایک گھنٹے بعد تفتیشی آفیسر دوبارہ عدالت آئے ،عدالت نے ریکارڈ طلب کیا اور اس کا مفصل معائنہ کرنے کے بعد ضمانت منظورکرنے کا فیصلہ سنا دیا۔ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید شیخ ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ کیس مکمل جھوٹا ثابت ہوگیا ہے۔دریں اثناء انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج ظفر اقبال چوہدری نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں گرفتار ڈرگ کنٹرولر شیخ انصار اور دو فارما سیوٹیکل کمپنیوں کے مالکان ہاشم ترین اور احسان الرحمان کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت27اگست تک ملتوی کر دی۔

Recommended Stories

Load Next Story