دیوسائی میں برفباری کے باعث رابطہ منقطع غیر ملکی سمیت متعدد افراد پھنس گئے

پاک فوج نے سیاحوں اور محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو بچانے کےلیے ریسکیو آپریشن شروع کردیا

پاک فوج کا سیاحوں اور محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو بچانے کےلیے ریسکیو آپریشن فوٹو:فائل

شمالی علاقہ جات میں موسم سرما شروع ہوتے ہی شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد دیوسائی، ناران، کاغان اور بابوسرٹاپ میں پھنس گئے ہیں۔


اسکردو میں دنیا کے بلند ترین برفانی میدان دیوسائی میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے پاک فوج کی جانب سے ریسکیو آپریشن کیا جارہا ہے۔ ایس ایس پی اسکردو کے مطابق سویڈن کا ایک سیاح، 4 مقامی سیاح اور محکمہ وائلڈ لائف کے 5 اہلکار سمیت 10 افراد تین روز سے دیوسائی میں پھنسے ہوئے ہیں۔

آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے زریعے انہیں دیوسائی سے نکال کر اسکردو شہر لایا جائے گا۔ برف باری کے بعد سطح سمندر سے 14 ہزار فٹ بلند سیرگاہ کا اسکردو اور استور سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ پولیس کے مطابق برف باری اور خراب موسم کے باعث گزشتہ روز ریسکیو آپریشن نہیں کیا جاسکا تھا اور موسم کچھ بہتر ہونے پر آج کارروائی شروع کی گئی ہے۔
Load Next Story