سعودی صحافی کے قتل میں تیسری قوت بھی ملوث ہوسکتی ہے صدر ٹرمپ

سعودی عرب کی جانب سے جمال خاشقجی کی موت کی تصدیق درست تحقیقات کی جانب مثبت قدم ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

سعودی عرب کی جانب سے جمال خشوگی کے مرنے کی تصدیق بڑا قدم ہے، ڈونلڈ ٹرمپ۔ فوٹو : اے ایف پی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا صحافی کی موت کی تصدیق اچھا قدم ہے اور اس حوالے سے سعودی وضاحت قابل اعتبار ہے مگر جو ہوا وہ ناقابل قبول ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی موت کی خبر کی تصدیق کے ردعمل میں کہا ہے کہ سعودی صحافی کے قتل میں تیسری قوت ملوث ہوسکتی ہے۔ امریکا صحافی کی موت سے متعلق اب تک کے سعودی اقدامات سے مطمئن ہے۔


صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ خطے میں ایرانی اثرورسوخ ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ ہتھیاروں کی ڈیل ختم نہیں کی جائے۔ صحافی کا معاملہ سعودی عرب سے کیے گئے معاہدوں پر اثرانداز نہیں ہوگا تاہم صحافی کی موت کے حقائق دنیا کے سامنے لانا ضروری ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی موت کی تصدیق پر کہا ہے کہ صحافی کی موت کی خبر پریشان کن ہے اور صحافی کی موت کے ذمہ داروں کا کڑا احتساب اور شفاف تحقیقات ناگزیر ہیں۔

ادھر ترجمان وائٹ ہاؤس سارا سینڈرز کا میڈیا بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ بروقت اور شفاف انصاف کی حمایت کرتے ہیں، تحقیقات سے متعلق سعودی عرب کا اعلان قابل ستائش ہے تاہم جمال خاشقجی سے متعلق عالمی تحقیقات پر نظر رکھیں گے۔
Load Next Story