تائیوان میں خوف ناک ٹرین حادثہ22 مسافر ہلاک اور 170 زخمی
تائیوان میں مسافر بردار ٹرین پٹڑی سے اترنے کے باعث 22 مسافر ہلاک اور 170 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تائیوان کی کاؤنٹی یلان میں برق رفتار ٹرین خوف ناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 22 مسافر ہلاک اور 170 زخمی ہوگئے، ٹرین میں 366 مسافر سوار تھے۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا جہاں کچھ زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فائر بریگیڈ کے عملے اور تائیوان آرمی کے 120 سپاہیوں پر مشتمل فوجی دستے نے ٹرین کے اندر بری طرح پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کے لیے ٹرین کے بعض حصوں کو کاٹا اور مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا جاسکا تاہم عینی شاہدین نے ٹرین حادثے سے قبل زوردار آواز سنی تھی جس کے ساتھ ہی دھواں بھی پھیل گیا تھا۔
تائیوان حکومت کی جانب سے ٹرین حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو 10 دن کے اندر اپنی رپورٹ جمع کرائے گی، اگر غفلت پائی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔