حکومت کا واجبات کی وصولی میں بہتری تک بجلی کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ

نیپرا نے حکومت کو 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی تھی

ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کو وزیر خزانہ اسد عمر کی صدارت میں ای سی سی کا اجلاس دوبارہ ہوگا۔ فوٹو:فائل

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے واجبات کی وصولی میں بہتری تک بجلی کی قیمتوں میں اضافہ موخر کردیا۔

اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ایک بار پھر موخر کردیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کے قابل وصول واجبات میں بہتری تک قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں : حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کی تیاری کرلی

ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کو وزیر خزانہ اسد عمر کی صدارت میں ای سی سی کا اجلاس دوبارہ ہوگا جس میں بجلی کے قابل وصول واجبات کا جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نیپرا نے حکومت کو 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی تھی جب کہ حکومت اس سے قبل گیس کی قیمتوں میں 10 سے لے کر 143 فیصد تک اضافہ کرچکی ہے اور منی بجٹ کی صورت میں عوام پر مہنگائی کا بم بھی گرایا جاچکا ہے۔
Load Next Story