شام میں امریکی اتحادی فوج کا حملہ 35 جنگجو ہلاک

جنگجو شامی جمہوری فورسز (ایس ڈی ایف) نے گذشتہ ماہ امریکی اتحاد کی مدد سے داعش کے جنگجوؤں کیخلاف کارروائی شروع کی تھی۔

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کی اپنے ترک ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات چیت، شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال۔ فوٹو: سوشل میڈیا

شام کے مشرقی علاقے میں امریکا کی قیادت میں اتحادی فوج کے فضائی حملوں میں داعش کے 35 جنگجو ہلاک ہوگئے۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے اطلاع دی ہے کہ شام کے مشرقی شہر حاجن اور اس کے نواحی علاقوں میں فضائی حملوں میں داعش کے 28 جنگجو مارے گئے۔ انھوں نے مزید بتایا ہے کہ اسی علاقے میں داعش کے 7 مزید جنگجو شامی جمہوری فورسز (ایس ڈی ایف) کے ساتھ جھڑپوں میں مارے گئے۔

واضح رہے کہ ایس ڈی ایف نے گذشتہ ماہ اس علاقے میں امریکی اتحاد کی مدد سے داعش کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔ ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو اور ان کے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی ہے۔ بات چیت میں دو طرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی اور شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔


سفارتی ذرائع کے مطابق مذکورہ ٹیلیفونک بات چیت ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفون کال پر رابطے کے بعد ہوئی۔

ترکی کے ایوان صدر کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ اردوان نے ٹرمپ کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور شام میں تازہ ترین پیش رفت کے حوالے سے نقطہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا۔

بیان کے مطابق دونوں سربراہان کی گفتگو کے دوران امریکی پادری اینڈرو برینسن کے معاملے کے حوالے سے قانونی پہلو بھی زیر بحث آئے۔ ترکی اور امریکا کے صدور نے ادلب معاہدے اور شام کے علاقے منبج میں روڈ میپ پر جلد از جلد عمل درامد کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
Load Next Story