پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جعلی مصنوعات کے خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ

بوتلوں کے حد سے ذیادہ استعمال ہونے سے مضر صحت کیمیکلز پانی میں شامل ہوتے ہیں

دبئی سمیت جدید ممالک میں 19لیٹر بوتل 70بار استعمال ہو سکتی ہے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی

پنجاب فوڈاتھارٹی نے جعلی پراڈکٹس کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے پراڈکٹس پر مشین ریڈایبل لیبل اور کرنسی نوٹوں کی طرز کی سیاہی کے استعمال پر مشاورت شروع کردی گئی جب کہ 19 لیٹرپانی کی بوتل کے باربار استعمال کی حد بھی مقررکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پراڈکٹس لیبلزکو کرنسی نوٹوں کی طرز پر مشین ریڈ ایبل سیاہی سے تیار کروانے پر ابتدائی مشاورت شروع کردی ہے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے اس حوالے سے انٹرنیشنل لیبلنگ سیکیورٹی کمپنی سے مشاورتی ملاقات کی ہے جس میں جدید ممالک کی طرز پرصارفین کو مشین ریڈ ایبل لیبلز اور ان کی آن لائن تصدیق کی سہولت دینے پر بات کی گئی۔


پانی کی 19 لیٹر کی بوتلوں کی بار بار استعمال کی حد مقرر کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق دبئی سمیت جدید ممالک میں 19 لیٹر پانی کی بوتل 70 بار استعمال ہو سکتی ہے، بوتلوں کے استعمال کی حد جاننے کے لیے ان پر مشین ریڈ ایبل کوڈ لگا ہوتا ہے، مشین ریڈ ایبل کوڈ ہر بار پانی بھرنے پر اپ ڈیٹ ہوتا ہے جس سے استعمال کا پتہ چلتا ہے، بوتلوں کے حد سے ذیادہ استعمال ہونے سے مضر صحت کیمیکلز پانی میں شامل ہوتے ہیں۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی پیکجنگ ریگولیشن میں بھی استعمال کی حد کا تعین کیا جا چکا ہے، طے شدہ حد کے مطابق بوتلوں کے استعمال پر نظر رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے، جعلی اشیاء خورونوش کی روک تھام کے لیے لیبلنگ میں کرنسی نوٹوں کی طرز کی جدت لانا ضروری ہے۔
Load Next Story