پاکستان ڈرے سہمے کینگروز پر فیصلہ کن ’وار‘ کیلیے تیار

فتح کی صورت میں سیریز بھی میزبان ٹیم کے نام ہو جائے گی، شعیب ملک کی شرکت کا امکان

بیٹنگ کے مسائل پر قابوپاکر کامیابی کی پوری کوشش کرینگے،اپنے بولرزسے ہدف کے دفاع کا یقین ہوتا ہے،سرفرازاحمد۔ فوٹو : فائل

پاکستان ڈرے سہمے کینگروز پر فیصلہ کن وارکیلیے تیار ہے تاہم گرین شرٹس دبئی میں آج کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں فتح کے ساتھ سیریز بھی اپنے نام کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلوی ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن محفوظ بنائی، دبئی میں جمعے کوکھیلے جانے والے دوسرے میچ میں گرین شرٹس سیریز اپنے نام کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔

43 بار 150سے زائد رنز بنانے کے بعد 39 فتوحات سمیٹنے والی پاکستان ٹیم کی بولنگ ابوظبی میں بھرپور فارم میں نظر آئی، میزبان بولرز نے کینگروز کی 6وکٹیں صرف 22 رنز کے سفر میں حاصل کر لی تھیں۔

اس بار بھی کینگروز کو سخت امتحان سے گزرنا پڑ سکتا ہے، اپنے گھر میں ننھے مہمان کی آمد کے منتظر شعیب ملک ابوظبی میں اسکواڈ کو جوائن کرنے کے باوجود پہلا میچ نہیں کھیل سکے تھے، آل راؤنڈر کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی کیلیے پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا جا سکتا ہے، اس صورت میں حسین طلعت کو جگہ خالی کرنا پڑے گی، سینئر آل راؤنڈر کی شمولیت مڈل آرڈر میں استحکام کی علامت ہوگی۔

ابوظبی میں فخرزمان توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہیں کر پائے تھے جس کے بعد ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والے بابر اعظم کا محمد حفیظ نے اچھا ساتھ دیا،مگر بعد میں آنے والے بیٹسمینوں نے کریز پر آنے اور واپس جانے کا سلسلہ جاری رکھا، سازگار کنڈیشنز میں مڈل آرڈر کے بعد ٹیل اینڈرز کا بھی ناکام ہونا پاکستان کیلیے باعث تشویش ہے۔


اگر کینگروز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 150 سے زائد رنز بنا لیے تو ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گرین شرٹس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، البتہ بولنگ لائن کی زبردست فارم حریف کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا چکی ہے جب کہ عماد وسیم اور شاداب خان کی گھومتی گیندیں کھیلنا مہمان بیٹسمینوں کیلیے چیلنج ہوگا۔

حسن علی، شاہین آفریدی اور فہیم اشرف بھی یواے ای کی کنڈیشنز سے بخوبی آگاہ اور حریف کی مہم کمزور بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔دوسری طرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے اسٹار پلیئرز مہمان کپتان ایرون فنچ، ڈارسی شارٹ اور کرس لین کے ساتھ جارح مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل پہلے میچ میں اپنی ناکامی کا ازالہ کرنے کیلیے بے تاب ہوں گے۔

پہلے میچ کے بعد صرف ایک دن کا وقفہ ہونے کی وجہ سے گرین شرٹس نے گزشتہ روز ٹریننگ سے گریز کرتے ہوئے آرام کو ترجیح دی،جمعے کو کھلاڑی تازہ دم ہوکر کینگروز کیخلاف میدان سنبھالیں گے۔

کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ابوظبی میں بابر اعظم اور محمد حفیظ کی جانب سے اچھا پلیٹ فارم مہیا کیے جانے کے بعد آصف علی کو بیٹنگ آرڈر میں ترقی دی گئی، ہمارا مقصد یہ تھا کہ ان کو کریز پر سیٹ ہونے کے لیے چند اوورز مل سکیں لیکن یہ تجربہ کامیاب نہ ہوا، بعد میں آنے والے بیٹسمینوں نے بھی بڑے اسکور کا موقع گنوایا،بہرحال مجموعہ 150 سے اوپر پہنچ جانے کے بعد پوری امید تھی کہ بولرز ہمیں فتح دلا سکتے ہیں۔

سرفراز نے کہا کہ ہدف کے دفاع کی مہم میں عماد وسیم نے بہترین آغاز فراہم کردیا جس کے بعد دیگر بولرز نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بولنگ کرتے ہوئے ہمیں یقین ہوتا ہے کہ ہدف کا دفاع کرلیں گے۔

انھوں نے کہا کہ بیٹنگ کے مسائل پر قابوپاکر دوسرے میچ میں فتح کے ساتھ سیریز اپنے نام کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔
Load Next Story