پیپلزپارٹی نے اپنے دوراقتدارمیں ملازمین کی تنخواہوں میں 185فیصد اضافہ کیا منظوروٹو

موجودہ حکومت نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے، منظور احمد وٹو

حکومت نے پہلے تو بجٹ میں تنخواہوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا اورپھر عوامی دباؤ پرکیا تو وہ بھی صرف 10 فیصد جو کہ مہنگائی کے مقابلے میں بہت کم ہے، منظور احمد وٹو فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت الیکشن سے قبل عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے کیوں کہ وفاقی بجٹ میں اس نے عوام کے ساتھ سرکاری ملازمین کو بھی مایوس کیاجب کہ ہماری حکومت نے اپنے دوراقتداد میں ملازمین کی تنخواہوں میں 185فیصد اضافہ کیا۔

لاہور میں پیپلز سیکریٹریٹ پنجاب میں صوبائی عہدیداروں کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے منظور وٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ 5 سالوں میں 185 فیصد بڑھائی جو 32 فیصد سالانہ ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پہلے تو بجٹ میں تنخواہوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا اورپھر عوامی دباؤ پرکیا تو وہ بھی صرف 10 فیصد جو کہ مہنگائی کے مقابلے میں بہت کم ہے اور جسے ملک بھر کے سرکاری ملازمین نے مسترد کردیا ہے۔


منظور وٹو نے کہا کہ جی ایس ٹی میں اضافہ واپس لینا چاہئے اس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لوڈشیڈنگ کے خاتمے تک مینار پاکستان پراپنا دفتر منتقل کریں کیونکہ موجودہ حکومت نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے۔

 
Load Next Story